شہباز شریف درخواست ضمانت؛ نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے والے بینچ کی تبدیلی کے خلاف نیب درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنیوالے بنچ کیخلاف نیب کے اعتراض پر سماعت کی۔ اس موقع پر نیب پراسکیوٹر نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے زبیر کیس کی روشنی میں موجودہ بنچ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ اس کیس میں شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، اب ایسا نہیں ہوتا، نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، اب نیب اپنی مرض کے بنچ بنوائے گا۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔