کھیلو بھلے مت، کھیلنے تو دو - صدف زبیری

پب جی (pubg) ایک بیٹل رویال آن لائن ملٹی پلیئر گیم ہے، یعنی ایک ایسا گیم جس میں پلیئر بنا کسی ہتھیار کے اترتے ہیں اور گیم کے اندر ہتھیار، شیلڈ گاڑیاں اور دیگر چیزیں حاصل کر کے اپنی بقا کی جنگ لڑتے ہیں، آخری بچ جانے والا کھلاڑی فاتح قرار پاتا ہے۔

ستمبر 2017ء میں پب جی کو ٹکر دینے کے لیے گیمنگ کمپنی ایپک نے اپنے گیم فورٹ نائٹ کا بیٹل رویال ریلیز کیا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ یہ گیم آن لائن فری تھا یعنی مفت۔ یوں راتوں رات یہ گیمرز کا پسندیدہ گیم بن گیا اور یوں پب جی کو گیمنگ کی دنیا میں ایک بڑے رقیب رو سیاہ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے پب جی کو کچھ تو کرنا ہی تھا، سو اس نے ایک نئی چال چلی اور موبائل ورلڈ کو ٹارگٹ کیا۔ جی ہاں! اب پب جی موبائل پر فری دستیاب تھا۔ یوں جنگ برابری کی بنیاد پر آ گئی۔

2 فروری 2019ء یعنی چند دن قبل ایپک کمپنی نے فورٹ نائٹ میں مشہور ڈی جے مارشمیلو (Marshmello) کا دنیا کا پہلا ان گیم کنسرٹ ارینج کیا۔ دس منٹ جاری رہنے والا یہ کنسرٹ گیمنگ ورلڈ کے اندر ارینج کیا جانے والا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کنسرٹ تھا، جسے دنیا بھر سے ملینز پلیئر نے بیک وقت اٹینڈ کیا۔

یہ وہ پہلا کنسرٹ تھا جسے ڈی جے مارشمیلو نے ورچوئیل ورلڈ میں پرفارم کیا اور لاکھوں پلیئرز اپنی اسکرینوں کے ذریعے ورچوئیل ورلڈ میں اس کا حصہ بنے۔ مارشمیلو نے سوشل میڈیا پر ظاہر کیے جانے والے اپنے آفیشل ٹائم ٹیبل میں اس کنسرٹ کو باقاعدہ ارینج کیا۔ یہ اپنے آپ میں ٹیکنالوجی کی دنیا کی ایک نئی ہسٹری ہے۔

بلاگ لکھنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ والدین جو اپنے بچوں کو موبائل یا انٹرنیٹ سے محض اس لیے دور رکھتے ہیں کہ وہ بگڑ نہ جائیں۔ ان سے عرض ہے کسی بھی چیز کو ممنوع قرار دینا حل نہیں ہوتا۔ اپنے بچوں کو ٹیکنالوجی کی اس نئی دنیا کے تجربات کا حصہ بننے دیں کیونکہ وہ آپ کے زمانے کے لیے پیدا نہیں ہوئے۔