جلتی ہوئی جنت۔۔۔کشمیر ! عصمت اسامہ

قیام پاکستان کے وقت پانچ سو سا ٹھ ریاستیں ایسی تھیں جنھیں مکمل خود مختاری حاصل نہیں ہوسکی تھی ,ان میں سے ایک ریاست "کشمیر" تھی جسے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے باوجود آزادی نہ مل سکی اور ہندووں کی مکارانہ سیاست اور انگریزوں کے متعصبانہ فیصلوں کی وجہ سے آج کشمیر اس خطے میں ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارت پر دو امور لازم ہیں ,ایک ریاست جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی اور بھارتی فوج کا انخلا اور دوسرا وہاں آزادانہ راے شماری کروانا تاکہ کشمیری عوام اپنا حق راے دہی استعمال کر سکیں ۔

اس وقت حقیقی صورت حال یہ ہے کہ کشمیر میں مسلمان آبادی کی نسل کشی ہو رہی ہے, وہاں بھارتی افواج نے قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔کوئی بچہ اپنی بکریوں کی دیکھ بھال کے لئے دروازہ کھول دے تو بھارتی فوجی اس پر اپنی بندوقیں خالی کر دیتے ہیں ۔شہدا کے جنازوں تک پہ فائرنگ کردیتے ہیں ۔آبادیوں کی آبادیوں کو قبرستانوں میں تبدیل کیا جارہاہے ۔ہندوستانی افواج کی ٹریننگ اسرائیلی طرز پر کی جارہی ہے اسی سبب عقوبت خانوں میں مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔پیلٹ گن وہ ہتھیار ہے کہ جس کا شکار لمحہ بہ لمحہ موت کا ذائقہ چکھتا ہے لیکن موت اتنی ہی سلو ہو جاتی ہے ۔تحریک آزادئ کشمیر کے روح رواں سید علی گیلانی کا کہناہے : "پاکستان کے حکمرانوں کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ہماری تحریک آزادی اگرچہ خالصتا"ایک مقامی تحریک ہے لیکن اسکا جاری رہنا اور کامیاب ہونا پاکستان کی بقا , سالمیت اور آزادی کے لئے بھی ضروری ہے ۔"

امر واقعہ ہے کہ کشمیری دراصل ہماری جنگ لڑ رہے ہیں ۔حال ہی میں پلوامہ میں ایک دن میں چودہ کشمیری شہید کرکے اور سینکڑوں کو زخمی کرکے پلوامہ کو خون میں نہلا دیا گیا -پاکستانی حکمرانوں کی ذمہ داری ان حالات میں بہت بڑھ جاتی ہے. ہم اقوام متحدہ میں ایک تقریر کو ہی کافی سمجھے بیٹھے ہیں۔۔اس ضمن میں عالمی سطح پر موثر سفارت کاری کی ضرورت ہے۔۔اور بھارت کو دو ٹوک انداز میں کہہ دینے کی ضرورت ہے کہ کشمیر سے اپنی افواج کو نکالے ورنہ اسکے جتنے جاسوس ہم نے پکڑے ہیں ,سب کو پھانسی چڑھایا جاے گا۔حکومت کو انڈیا کے ساتھ سب بارڈر بند کرنے چاہئیں اور سیکیورٹی سخت کرنی چاہئیے۔پاکستانی عوام کو دیکھنا چاہیئے کہ روزانہ کتنے کشمیری آپکے چاند ستارے والے پرچم میں لپٹے لپٹاے دفن ہورہے ہیں۔۔۔کیا اب بھی ہم نہیں جاگیں گے؟

ٹیگز