سبیکا کے والدین کی ملزم کے والدین کیخلاف پٹیشن دائر

امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں ساتھی طالب علم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کے والدین نے دیگر 10 متاثرہ والدین کے ساتھ مل کر ملزم کے والدین کے خلاف پٹیشن دائر کر دی۔
ٹیکساس کی عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سبیکا کا قتل حادثاتی نہیں تھا بلکہ ملزم کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی اور اس کی تمام سرگرمیوں سے اس کے والدین آگاہ تھے۔

دائر پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے ساتھ ساتھ اس کے والدین بھی معصوم جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ 17 مئی 2018 کو فائرنگ کرنے والا 17 سالہ حملہ آور دمیتری پارگورٹسز بھی اُسی اسکول کا طالب علم تھا، جس کے بارے میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔