محبت کی کسوٹی - ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

نفس کو یہ بہت مرغوب ہوتا ہے کہ کوئی اس کی چاہت میں مبتلا رہے۔ نفس امارہ کو حلال و حرام خواہش سے کچھ خاص فرق نہیں پڑتا، بلکہ غالبا اسے حرام کی چاہت زیادہ ہوتی ہے۔

کسی بھی ذی نفس کے لیے اسی جیسے کسی دوسرے نفس کے بےلوث جذبات ایک قیمتی اثاثہ ہو سکتے ہیں، لیکن یہی تو اصل امتحان ہے کہ کیا ان جذبات و احساسات کی قدر کی جانا چاہیے یا انہیں جہاں تہاں روک دیا جانا چاہیے۔

اگر تو شریعت، سماج اور قانون آپ کو اس کی اجازت دیتا ہے تو سیدھے سبھاؤ اپنا مدعا متعلقہ شخصیت تک معزز و مہذب انداز میں پہنچا دیجیے اور اس محترم شخصیت کو نفی یا اثبات، ہر دو کی اجازت بھی دیجیے اور اس پر راضی برضا بھی رہیے۔ اور اگر آپ کے دل کی چاہت شریعت، سماج یا قانون سے بغاوت پر اکساتی ہے تو ٹھہر جائیے۔ سوچیے اپنے دل کو سمجھائیے، اور بہتر ہے کہ خود ہی خود کی تصحیح کر لیجیے۔ چہ جائیکہ دنیا لٹھ لے کے آپ کے پیچھے پڑی ہو اور آپ جان و عزت بچاتے پھر رہے ہوں۔

عین ممکن ہے کہ آپ کی خواہش غلط نہ ہو۔ لیکن آپ کی خواہش آپ کے مطلوب کی رضا بھی ہو، یہ ضروری تو نہیں۔ کیا محبت بجائے خود ایک نعمت نہیں جسے عطا کر دی جائے۔ کیا اس جذبے کا اپروول ہی اسے قابل تکریم بناتا ہے یا یہ لطیف احساس اپنے اندر خود ہی کافی ہے۔

ایسا ممکن ہے نا کہ آپ تو نہیں لیکن آپ کا مقصود قانون سماج یا شریعت کی پابندی میں جکڑا ہو۔ ایسے میں آپ کا ایک ہی جذبے پر بار بار اصرار اس کی راہ کھوٹی بھی کر سکتا ہے۔ آپ کی دعاؤں کی شدت کسی کے حق میں بد دعا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   تین عورتیں تین کہانیاں - نیر تاباں

پسندیدگی اور محبت میں باریک سا تو فرق ہے۔ پسندیدگی مطلوب و مقصود کو اپنے ساتھ دیکھنے کی خوشی ہے اور محبت اپنے مطلوب و محبوب کی خوشی میں خوش رہنے کا نام ہے۔

ذرا اس کسوٹی پر اپنے جذب دروں کو پرکھیے۔ کھرا کھوٹا واضح ہو جائے گا اور سیدھا رستہ اجلا دکھائی دے گا۔ ان شاءاللہ۔

Comments

ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

دل میں جملوں کی صورت مجسم ہونے والے خیالات کو قرطاس پر اتارنا اگر شاعری ہے تو رابعہ خرم شاعرہ ہیں، اگر زندگی میں رنگ بھرنا آرٹ ہے تو آرٹسٹ ہیں۔ سلسلہ روزگار مسیحائی ہے. ڈاکٹر ہونے کے باوجود فطرت کا مشاہدہ تیز ہے، قلم شعر و نثر سے پورا پورا انصاف کرتا ہے-

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.