حکومت کی دانشمندانہ حکمتِ عملی اور لبرلز کی دُہائی - مفتی منیب الرحمن

سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف حالیہ احتجاج کو حکومت نے دانش مندی اور فراست سے نمٹا ہے، وزیرِ اعظم جناب عمران خان نے متحمل مزاج وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری کو یہ فریضہ سونپا، انہوں نے احسن طریقے سے اسے انجام تک پہنچایا اور ایک معاہدے کے تحت احتجاج پرامن طریقے سے ختم ہوگیا۔ نہ کوئی گولی چلی، نہ لاٹھی چلی اور نہ آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے۔ اس پر ہمارے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیامیں مورچہ زن لبرل عناصر سیخ پا ہیں، اُن کے ہاں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے کہ حکومت نے بزدلی دکھائی، سرنڈر کردیا ،حکومت کی رِٹ کہاں ہے، سیکورٹی کے اداروں نے لوگوں کو بھون کر کیوں نہ رکھ دیا، انھیں نشانِ عبرت کیوں نہ بنادیا، ہمیں لبرل عناصر کی اس رنجیدگی اور داخلی کرب پر تاسّف کے ساتھ اُن سے ہمدردی بھی ہے، وہ غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے دو گھونٹ پانی پی لیں۔ دین اور اہلِ دین سے نفرت کرنے والوں پر ایسا وقت آتا رہتا ہے، قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:’’بغض تو ان کی باتوں سے عیاں ہو چکااور جو (نفرت) وہ اپنے دلوں میں چھپائے بیٹھے ہیں، اس سے بدرجہا زائد ہے۔ (آل عمران:118)‘‘۔

اپنے لوگوں پر گولی چلانا کسی بھی حکومت کے لیے دانش مندی کا کام نہیں ہے، اپنی عقل ودانش پر ناز کرنے والے لبرل دانشوروں کو معلوم ہونا چاہیے کہ تحریک لبیک ممتاز حسین قادری کی شہادت کے نتیجے میں وجود میں آئی، اب تک یہ لوگ انہی کی لاش کو اٹھائے پھر رہے ہیں۔ اگرلبرلز کی خواہش کے مطابق دس بیس یا اس سے زیادہ لاشیں اور گرادی جاتیں، تو انھیں توسکون مل جاتا، لیکن اس کا ردِّعمل حال ہی میں قائم ہونے والی حکومت کو بہا لے جاتا یا بےحد کمزور کر دیتا اور ملک دیر تک اس کا خمیازہ بھگتتا رہتا۔ محبتِ رسول کی حلاوت سے محروم دل و دماغ والوں کے لیے اس کرب کا ادراک مشکل بلکہ اُن کے تبصروں سے معلوم ہوتا ہے کہ شاید ناممکن ہے۔

انتہائی ناگزیر حالات کے بغیر اپنے لوگوں پر گولی چلانا احمقانہ فعل ہوتا ہے، اس اندھے پن کے لیے کسی علم ودانش کی ضرورت نہیں ہوتی، بس طاقت کے نشے میں چور ہونا ہی کافی ہوتا ہے۔ حال ہی میں سپین کے ایک صوبے کٹالیا نے اپنے وفاق سے بغاوت کر کے ریفرنڈم کے ذریعے اپنی آزادی کا اعلان کیا اور متوازی حکومت قائم کردی، سپین کی حکومت نے اسے خلافِ آئین قرار دیا اور اس کو ردّ کردیا، ایکشن لے کراس حکومت کو معزول کیا، لیکن لاشوں کے ڈھیر نہیں لگائے۔ وہ تو لبرل ملک ہے، ہمارے لبرلز کے مطابق وہاں کُشتوں کے پُشتے لگنے چاہیے تھے، لیکن دانش مند حکومتیں معاملات کو نمٹانے کے لیے عقل سے کام لیتی ہیں۔

کیا ملک میں دھرنے پہلی بار ہوئے تھے، 2011ء میں مذہب ہی کے عنوان سے فقہ جعفریہ والوں نے جابجا دھرنے دیے، لیکن کریک ڈائون نہیں کیا گیا ،اس کے بعد 2012ء اور 2014ء میں سیاسی دھرنے ہوئے جن میں ریڈزون میں قانون شکنی، پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر چڑھائی، قبریں کھودنے اور کفن پہننے کے واقعات شامل ہیں، لیکن صبر وضبط سے کام لیا گیا اور خون وخرابے سے ملک بچ گیا۔ حضور والا! اُس وقت بھی ریاست یہی تھی، آئین و قانون بھی یہی تھا، ہماری سلامتی کے ادارے اور معزز عدالتیں بھی یہی تھیں، اُس وقت تو ریاست کی ناکامی کی دہائی نہیں دی گئی، میڈیا مسلسل لائیو کوریج دے رہا تھا، اُس وقت جو نشر ہوا، آج کے تخت نشینوں کو خود اس پر ندامت ہو رہی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:   پارلیمنٹ میں اسرائیل سے دوستی کی باتیں - محمد مبشر بدر

صرف مذہب اور اہلِ مذہب کے ساتھ لبرلز کا اتنا نفرت انگیز رویہ ناقابلِ فہم ہے، اینکر پرسن سرکاری ترجمانوں کے منہ میں اپنی بات ڈالنے کے لیے سورنگ سے مضمون باندھتے ہیں، اس سے پہلے ایم کیو ایم کے زمانے میں کئی کئی دن مسلسل ایسی ہڑتال ہوتی تھی کہ پرندہ بھی پر نہیں مارسکتا تھا، بینظیر بھٹو مرحومہ کی شہادت پر کیا کچھ نہیں ہوا، اُس وقت لبرل میڈیا مِنقار زیرِ پَر یعنی آنکھیں بند کیے ہوئے تھا۔

میں لکھتا رہا ہوں کہ لبرل ازم (ضدِّ مذہب) ایک عقیدہ ہے۔ آج سے 175 سال قبل لبرل ازم کے فروغ کے لیے ’’دی اکانومسٹ‘‘ رسالہ جاری ہوا۔ اس کے 13ستمبر کے شمارے میں مغربی اہلِ علم کی37 کتب اور 12ماہرین کے مضامین سے استفادہ کرتے ہوئے لبرل ازم کی ناکامیوں اور خطرات کی نشاندہی کی اور کہا: ’’Now, Liberalism is a broader faith‘‘ ، یعنی اب لبرل ازم ایک وسیع تر عقیدہ بن چکا ہے۔ اُسے اپنے سامنے توانا چیلنج کرنے والی عملی اور فکری قوت مذہب ہی نظر آتا ہے، اس لیے انھیں مذہب اور اہلِ مذہب کا وجود ایک پل گوارا نہیں ہے، چنانچہ انہوں نے for the 21st Century Liberalism Reinventing یعنی اکیسویں صدی کے لیے لبرل ازم کی تشکیلِ نَو کی بات کی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ لبرل ازم کے نظریے کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ میں ان شاء اللہ لبرل ازم پر الگ سے آرٹیکل لکھوں گا۔

اگر علامہ خادم حسین رضوی، علامہ پیر افضل قادری اور ڈاکٹر آصف اشرف جلالی سپریم کورٹ فل بنچ کے سامنے خود آکر دلائل دینا چاہتے ہیں اور سپریم کورٹ کے شکوک کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، تو اس میں کیا خراب بات ہے ، ماضی میں سپریم کورٹ آف پاکستان جنابِ شیخ رشید اور جنابِ سراج الحق کو پاناما کیس میں یہ موقع دے چکی ہے، انہوں نے عدالت کے سامنے روسٹرم پر آ کر خود اپنا مؤقف پیش کیا، تو کیا ناموسِ رسالت کا عنوان پاناماکیس ایسی رعایت کا بھی حق دار نہیں ہے۔ نیز فل کورٹ کا مطالبہ بھی کوئی غیرآئینی اور غیر قانونی عمل نہیں ہے، اس سے کوئی قیامت نہیں ٹوٹ پڑے گی، نہ اس سے ہمارا نظامِ آئین و قانون پامال ہوجائے گا۔ ماضی میں تو آئین کی بساط لپیٹی جاتی رہی ہے، اُسے معطل کیا جاتا رہا ہے، غاصب حکمرانوں کونہ صرف حکومت کرنے بلکہ حکومت میں توسیع اور آئین میں تبدیلی کا آئینی جواز فراہم کیا جاتا رہا ہے، محترمہ بینظیر بھٹو مرحومہ نے عدالتوں کو ’’کینگروکورٹس‘‘ کہا تھا، لیکن سٹنگ جج صاحبان میں سے کسی نے بھی اُن پر توہینِ عدالت کی دفعہ نہیں لگائی۔

توہینِ رسالت تو جذباتی مسئلہ ہے، مولانا سمیع الحق کا آخری خطاب ان حضرات سے بہت آگے کی بات ہے، ساحر لدھیانوی نے’’ اُس بازار ‘‘ کا نوحہ پڑھتے ہوئے کہا تھا:


کہاں ہیں، کہاں ہیں محافظ خودی کے

ثنا خوانِ تقدیسِ مشرق کہاں ہیں؟


اگرآئین شکنی کے تناظر میں ’’کہاں ہیں‘‘ کی جگہ ’’کہاں تھے‘‘ اور ’’ثناخوانِ تقدیسِ مشرق‘‘ کی جگہ ’’ثناخوانِ تقدیسِ آئین و قانون‘‘ پڑھ لیا جائے، توسوال یہ ہے کہ آج ’’رِٹ آف دا گورنمنٹ‘‘ کی دہائی دینے والے لبرلز اُس وقت کہاں تھے۔ ساٹھ اور ستّر کے عشرے میں تو سیاست و صحافت کے میدان میں بعض اہلِ عزیمت موجود تھے، اُن کی عزیمت کی داستانیں اب بھی دہرائی جاتی ہیں، لیکن پچا س پچاس لاکھ کے پیکج والوں کے لیے تو ائیر کنڈیشن سے نکل کر دھوپ میں کھڑے ہونے کا تصور بھی حوصلہ شکن ہوگا، انھیں شیشے کے گھر میں بیٹھ کر چاند ماری کا فن آتا ہے، یہ مذہبی جنونی تو عُسر و یُسر میں میدان میں آ کر بیٹھ جاتے ہیں اور سینہ تان کر کہتے ہیں: ’’مارو گولی، ہمیں شہادت چاہیے‘‘، علامہ اقبال نے کہا تھا:

چٹائیوں پر بیٹھنے والے جیل کے فرش پر بھی بیٹھ جائیں گے اور لیٹ جائیں گے، مگر لبرلزمجاہدین سے قربانی کی توقع، نا بھائی نا!، علامہ اقبال نے ان مَحمِل نشین لبرل مجاہدین کا ذکر یوں کیا ہے:


کبھی اپنا بھی نظّارہ کیا ہے تو نے اے مجنوں!

کہ لیلیٰ کی طرح تو خود بھی ہے محمل نشینوں میں


اور جنونی عاشقانِ رسول کے دلوں میں محبتِ رسول کے جو جذبات موجزن ہیں، ان کو ان اشعار میں بیان کیا ہے:


مجھے روکے گا تُو اے ناخدا! کیا غرق ہونے سے

کہ جن کو ڈوبنا ہو، ڈوب جاتے ہیں سفینوں میں

جلا سکتی ہے شمعِ کُشتہ کو موجِ نفَس ان کی

الٰہی!کیا چھُپا ہوتا ہے اہل دل کے سینوں میں

نہ پُوچھ ان خِرقہ پوشوں کی، اِرادت ہو تو دیکھ ان کو

یدِ بیضا لیے بیٹھے ہیں اپنی آستینوں میں

اگر کچھ آشنا ہوتا مذاقِ جَبہَہ سائی سے

تو سنگِ آستانِ کعبہ جا مِلتا جبینوں میں


وزیرِ اعظم جنابِ عمران خان سے گزارش ہے کہ ان لبرلز کے بہکاوے میں نہ آئیں، سمندر کے سے سکون اور ضبطِ نفس کے ساتھ ملک کو آگے لے کر جائیں تاکہ آپ ملک کا مستقبل سنوارنے کے لیے اپنے حسین خوابوں کو تعبیر دے سکیں۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے: ’’عمران خان قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ ، اس کے پیچھے جو خواہش مستور ہے، وہ آپ سمجھ سکتے ہیں، مہمیز دینے والے کئی قطار میں کھڑے ہیں، لیکن یہ آپ کے اقتدار کے جلد خاتمے کے خواہش مند ہیں۔ جنابِ فواد چودھری کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ پرسوں کسی اور کے ، کل کسی اور کے اور آج آپ کے قصیدہ خواں ہیں، مشکل وقت آیا تو کوئی اور آشیانہ تلاش کرلیں گے، اُن متانت و وقار والے رفقاء کے مشورے مانیں جو عُسر ویُسر میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں۔ گھاس پھونس کے ڈھیر کو آگ لگانے کے لیے ایک ماچس کی تیلی کافی ہے، چند لمحات میں بھسم ہوجائے گا، لیکن اس آگ کو بجھانا مشکل ہوتا ہے۔

ملک کی سلامتی اور نظامِ عدل سے وابستہ تمام اصحابِ مناصبِ جلیلہ سے میری مودّبانہ گزارش ہے کہ اپنی انا پر ملک و ملت کی سلامتی کو مقدم رکھیں۔ احتجاج اور دھرنے کا کلچر ہمارے وطنِ عزیز میں آج کا نہیں ہے، اس کے پیچھے ایک تاریخ ہے، اس میں ریاست اور اداروں کی بے تدبیری بھی شامل ہے، کیونکہ ہم وقتی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں، مگر اس کے عواقب پر اُس وقت غور نہیں کرتے۔ لیکن شتر مرغ کی طرح ریت میں منہ چھپانے سے طوفان ٹلا نہیں کرتے، سب ذمے داران کو دانش وفراست، صبر وضبط اور حوصلہ مندی سے کام لینا چاہیے، یہ وطنِ عزیز ہے تواعلیٰ مناصب بھی ہیں، شان وشوکت بھی ہے، آئین وقانون بھی ہے، الغرض سب کچھ اس وطنِ عزیز کی بقا کے صدقے میں ہے، ہم عاجز و بے اختیار لوگ صرف مخلصانہ مشورہ دے سکتے ہیں۔

Comments

مفتی منیب الرحمن

مفتی منیب الرحمن

مفتی منیب الرحمن، چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان، صدر تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان، سیکرٹری جنرل اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان، مہتمم دارالعلوم نعیمیہ اہلسنت پاکستان

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.