وزیر خارجہ اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ وہ جنرل اسمبلی میں خطاب بھی کریں گے۔

شاہ محمود قریشی واشنگٹن میں ایک روز قیام کے بعد نیویارک جائیں گے۔ وزیر خارجہ امریکی ہم منصب مائک پومپیو سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی دورے میں کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقات کا امکان ہے۔ وزیر خارجہ پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں تاجروں اور صحافیوں سے خطاب بھی کریں گے۔