خواتین ڈپریشن سے کیسے نجات پائیں - مؤمنہ گل

افسردگی (ڈپریشن) ایسی کیفیت ہے جو اچھی بھلی زندگی کو دیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے۔ خواتین اگر مایوسی اور ڈپریشن جیسے موذی امراض سے خود کو بچانا چاہتی ہیں تو لازم ہے کہ خوش رہیں اور اپنی زندگی میں نئی نئی مثبت اور دل پسند سرگرمیوں کا اضافہ ضرور کریں۔

کوئ بھی کام چاہے کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو، انسان کی فطرت ہے بار بار کرنے سےآخر کار اُکتا جاتا ہے۔ مگر گھر داری عورت کی فطرت میں شامل ہے اور یہ کام ساری زندگی کرنے کا ہے، لیکن اس کے ساتھ اپنی ذہنی خوشی و اطمینان کے لیے کم ازکم ایک وقت میں ایک اپنی دلچسپی والا مشغلہ ضرور ساتھ رکھیں۔
مثلاً
اپنےگھر میں پھول سبزیاں اگائیں، وافر جگہ نہ ہو تو گملوں میں آسانی سے اگا کر شوق کی تسکین کی جا سکتی ہے۔ ان کو ہرا بھرا دیکھ کر یقیناً خود خواتین کھل اٹھیں گی۔

روزانہ کچھ وقت اپنے ذوق کے مطابق مختلف کتابیں اور رسائل واخبار پڑھنے کے لیے ضرور نکالیں۔ اس سے نہ صرف حالاتِ حاضرہ کی خبر رہے گی بلکہ ذہن و روح میں بھی وسعت پیدا ہوگی۔

گھر میں کوئی پالتو جانور یا پرندے جیسے مینا، توتا یا فاختہ رکھ لیں۔

گھر والوں کے ساتھ چھوٹی موٹی تفریح کا سامان کر لیں۔ کہیں باہر نہیں جا سکتیں تو اہلِ خانہ کی پسند کی چیزیں بنا کر گھر میں ہی ارینج کر لیں۔

اور ہاں!
خود کو تنہائی سے ضرور بچائیں، اپنے رشتہ داروں کے لیے ضرور کچھ وقت نکالیں ورنہ دنیا سے کٹ کے رہ جائیں گے۔

واک اور ہلکی پھلکی ورزش کو لازمی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں کیونکہ اس سے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

دعا اور مراقبہ کے ذریعے اﷲ سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں، یاد رکھیں کہ کوئی بھی مسئلہ یا پریشانی رب کے آگے بڑی نہیں۔

آپ مکمل طور پر گھریلو خاتون ہیں یا جاب کرتی ہیں، دونوں صورتوں میں یہ سرگرمیاں زندگی کی یکسانیت سے بچاتی ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر آپ خوش ہیں تو اس صورت ہی آپ حقوق العباد اور حقوق اﷲ پورے کر سکتی ہیں۔ اپنی زندگی کو خوبصورت بنائیں اور اپنے اردگرد رہنے والوں کو خوشی دے کر ان کو اپنا بنالیں۔