عمران خان نے لوٹوں کو ٹکٹ دیے اور زداری سے کوئی لینے کو تیار نہیں، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے لوٹوں کو انتخابی ٹکٹ دیے جب کہ آصف زرداری سے کوئی امیدوار ٹکٹ لینے کے لیے تیار نہیں۔

ایک بیان میں میاں شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کی طاقت سے آصف زرداری اور عمران خان کی سیاست دفن کر دیں گے، نیازی نے لوٹوں کوٹکٹ دے کر اپنا نیا پاکستان دکھا دیا ہے مجھے تحریک انصاف کے ان سیاسی کارکنوں سے دلی ہمدردی ہے جنہیں نئے پاکستان کے نام پر دھوکا دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹکٹوں کی تقسیم سے ہی ظاہر ہو گیا ہے کہ انہیں اپنی ہار صاف نظر آرہی ہے اور دوسری طرف آصف زرداری ٹکٹیں لے کر گھوم رہے ہیں اور کوئی ٹکٹ لینے کے لیے تیار نہیں ہے، انتخابات میں عوام ہر حلقے میں شیر پر مہر لگا کر سیاسی لوٹوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔