دار چینی کے فوائد، شہد کے ساتھ - عادل سہیل ظفر

دار چینی کے فوائد کا ذِکر انسانی تاریخ میں بہت قدیم سے ملتا ہے۔ چینی طب کی 2700قبل از مسیح کی کتابوں میں بھی اِس کا ذِکر ہے اور مصر کے فرعونوں کے دور میں بھی اِس کے اِستعمال کا ذِکر ہے۔ طب اِسلامی میں بھی اِس کے بہت سے فوائد مذکور ہیں۔ اِس مضمون میں، میں آپ کے سامنے چند ایسے فوائد کا ذِکر کروں گا جو جدید سائنس کی تحقیق اور تجربوں کی کسوٹیوں پر بھی پورے اترے ہیں، جن کے بارے میں خاصی مستند معلومات آپ انٹرنیٹ کے ذریعے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

دِل کے امراض، اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے

شہد اور دارچینی کے سفوف (پاؤڈر) کو ملا کر مرہم نما مربّہ بنایا جائے اور ناشتے میں اُسے روٹی، ٹوسٹ، بن یا کسی بھی ایسی اور چیز پر لگا کر، مستقل اور لمبے عرصہ تک کھاتے رہنے سے سے دِل کے امراض سے بچاؤ کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے اور اگر کوئی مرض پہلے سے موجود ہو تو اُس میں کمی ہوتی ہے، اِ ن شاء اللہ۔

دارچینی اور شہد کا یہ مغلوبہ اللہ کے حکم سے یہ تاثیر پاتا ہے کہ شریانوں میں موجود کولسٹرول اور دیگر چربیوں کو کم کرے، لہٰذا یہ مغلوبہ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے اور جنہیں اللہ نے اِس مرض سے بچا رکھا ہے اُن کے بچے رہنے کی اُمید بڑھ جاتی ہے۔

دانت درد کے لیے

دار چینی کے سفوف کا ایک چمچ اور ویسے ہی پانچ چمچ شہد کے لیجیے اور ان کا مرہم بنا لیجیے اور اس درد کرنے والے دانت پر مل لیجیے۔ دِن بھر میں تین چار دفعہ اِس مغلوبہ کو اِستعمال کرتے رہیے یہاں تک کہ اللہ کے حکم سے دانت درد بالکل ختم ہو جائے۔

سردی سے ہونے والے نزلہ زکام کے لیے

جو لوگ عموماً کسی بھی ٹھنڈک کے سبب نزلے زکام وغیرہ کا شکار ہوتے رہتے ہیں اُن کے یہ نُسخہ بہت کار آمد ہے، باذن اللہ۔ چوتھا حصہ چمچ، دار چینی پاؤڈر اور ایک چمچ نیم گرم سا شہد لے کر اُن کا مغلوبہ بنایا جائے۔ یہ ایک خوراک ہے، اس طرح کی تین خوراکیں ایک دِن میں کھائی جائیں، اِن شاء اللہ اِس نسخے کے اِستعمال سے ٹھنڈک کی وجہ سے ہونے والا نزلہ زکام دور ہو جائے گاا ور بند ناک وغیرہ کھل جائے گا۔

معدے کی درد، سُوجن اور زخم (السر) کے لیے

ایک حصہ داری چینی پاؤڈر اور تین حصے شہد کا ملا لیا جائے اور پھر تھوڑا سا پانی ملا کر اسے پتلا کیا جائے اور دِن بھر میں تین دفعہ پیا جائے تو اِن شاء اللہ معدے کی درد، سُوجن اور زخم (السر ) سے مکمل نجات مل سکتی ہے۔

اِس بات کا خیال رکھا جائے کہ معدے کے السرز کے شدید ہونے کی صُورت میں دار چینی کا اِستعمال تکلیف میں اضافے کا سبب بھی بن سکتا ہے، لہٰذا ایسا مریض اِسے بہت احتیاط کے ساتھ استعمال کرے۔

معدے سے بننے والی گیس کے لیے

یہی مذکور بالا نُسخہ پانی کی مقدار کچھ تھوڑی سی زیادہ کر کے اِستعمال کرنے سے اِن شاء اللہ معدے سے بنے والی گیسز کو
جلد خارج کرنے اور مستقل اِستعمال سے اُن گیسز کے بننے کو روکنے کے لیے فائدہ مند ہے۔

ہاضمہ میں مددگاری کے لیے

اگر ناشتے سے پہلے، کھانے سے پہلے، دو چمچ شہد پر دارچینی کا سفوف چھڑکاؤ کر کے کھا لیا جائے تو اِن شاء اللہ ہاضمے میں
کافی مددگار رہتا ہے۔

مدافعتی نظام (Immune System) کی قوت میں اضافے کے لیے

ایک تہائی چمچ دار چینی پاؤڈر اورڈیڑھ چمچ شہد، کسی بھی صورت میں، یعنی شربت کے طور پر، یا قہوے کے طور پر، یا معجون کے طور پر، براہ راست کھا کر، یا کسی کھانے میں شامل کر کے کھانے سے جسم کے مدافعتی نطام کو مضبوط بناتا ہے او ربہت سے جراثیم کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔

جلد کی سوزش کے لیے

دار چینی اور شہد کے مرہم کو جلد کی سوزش کی صُورت میں سوزش والے حصے پر لگاتے رہنے سے اِن شاء اللہ سوزش ختم ہو جاتی ہے، خواہ سوزش کی وجہ کچھ بھی رہی ہو۔

وزن میں کمی کے لیے

روزانہ ناشتے سے پہلے اور رات کو سونے سے پہلے، چوتھا حصہ چمچ دار چینی کا پاؤڈر اور ایک یا ڈیڑھ چمچ شہد، ایک کپ پانی میں ملا کر اسے ابالا جائے اور پھر نیم گرم حال میں اس مشروب کو قہوے کی طرح باقاعدگی سے پیتے رہنے سے اِن شاء اللہ جِسم میں موجود اضافی چربیاں ختم ہونا شروع ہو جاتی ہیں، اور جِسم موٹاپے سے نجات پاجاتا ہے۔

حمل سے متعلق

حاملہ عورت کو دار چینی استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ اِس کے اِستعمال سے زچہ و بچہ دونوں کے لیے مشکلیں پیدا ہو سکتی ہیں، لیکن ولادت کے فوراً بعد سے ایک مہینہ تک رات کو سوتے وقت تھوڑا سا دار چینی پاؤڈر (تقریباً ایک چوتھائی چھوٹا چمچ) کھانے سے اِن شاء اللہ کافی لمبی مدت تک حیض میں رکاٹ ہو جاتی ہے اور یوں اگلے حمل کے دوران وقفہ بڑھ جاتا ہے۔

دار چینی اور شہد کے اکٹھے استعمال کے یہ نسخے چند ایسے نسخے ہیں جو عام معروف ہیں، اِس کے علاوہ طِب کی کتب میں اور بھی بہت سے نسخہ جات میسر ہیں، اپنی ضرورت کے مطابق طِب کی اچھی اور مستند کتب کا مطالعہ اِن شاء اللہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

Comments

عادل سہیل ظفر

عادل سہیل ظفر

عادِل سُہیل ظفر جیاد ، معاشی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ملٹی فنگشن پراڈکٹس ٹیکنیشن کے طور پر ملازمت کرتے ہیں۔ اللہ عزّ و جلّ کا دِین ، اللہ ہی کے مُقرر کردہ منہج کے مُطابق سیکھنے اور جو کچھ سیکھا اُسے نشر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.