جو چاہو مانگ لو! - نیر تاباں

اگر آپ بادشاہِ وقت کے سامنے ہوں اور آپ کو پوری اجازت ہو کہ جو چاہیں مانگ لیں تو کیا آپ اس سے بہترین چیز طلب نہیں کریں گے؟ وہ dream job جو آپ کب سے حاصل کرنا چاہتے تھے، شہر کے سب سے پوش علاقے میں سب سے بہترین گھر، اپنا اور اپنے بچوں کا بہترین مستقبل، ڈھیر سارا مال متاع؟ ایسے موقع کو اگر آپ کچھ مانگے بغیر ضائع کر دیں گے تو کیا یہ انتہائی بے وقوفی نہیں ہوگی؟

ایسا ہی ایک موقع رمضان المبارک کی شکل میں شروع ہونے والا ہے۔ جب بادشاہوں کا بادشاہ آپ کو دین و دنیا کی نعمتوں سے نوازنا چاہتا ہے۔ دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ شروع ہونے کو ہے۔ اگر آپ اس میں سوہنے رب سے نہیں مانگیں گے تو بہت بڑی opportunity مس کر دیں گے۔ اپنے رب سے مانگیں، دل کھول کر مانگیں، وہ چیز جو آپ کو لگتا ہے کہ ناممکن ہے، وہ بھی کہہ ڈالیں۔ اس کے لیے کچھ ناممکن نہیں! اس نے صرف کُن کہنا ہے۔ یا رب ہماری دعائیں قبول فرما اور ہمارے حق میں کُن کہہ دے۔ ہمارے لیے وہاں سے اسباب پیدا فرما جہاں سے ہمارے گمان میں بھی نہ ہو۔ دعا عبادت کا مغز اور مومن کا ہتھیار ہے۔ جب سب کچھ ٹوٹتا، بکھرتا نظر آئے اور کوئی رستہ سجھائی نہ دے تو دعا وہ چیز ہے جو دل کو سکون دیتی ہے، جو بلاؤں کو ٹالتی ہے، جو مشکلوں سے نکلنے کے رستے بناتی ہے۔
رمضان میں دعا مانگنے کا خاص اہتمام کیجیے۔ سحری سے ذرا پہلے اٹھ کر تہجد کے وقت پر دعائیں مانگیں۔ تلاوت زیادہ سے زیادہ کریں اور اس کے بعد اللہ پاک سے راز و نیاز کریں۔ قیام اللیل، افطار کے وقت، طاق راتوں میں، غرض اس بابرکت اور پیارے مہینے میں اور عبادات کے ساتھ ساتھ دعا کا بھی زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں۔ اللہ کو اس کے پیارے صفاتی ناموں سے پکار کر دعا کریں اور ایک ایک دعا کو دو یا تین مرتبہ دہرائیں۔

2010ء سے میں نے دعاؤں کی فہرست بنانی شروع کی تاکہ کسی بھی دن کوئی اہم دعا کرنا میں بھول نہ جاؤں۔ بہت اچھا تجربہ رہا، اس لیے اس کے بعد سے ہر سال رمضان میں میں اپنی دعا لسٹ update کرتی ہوں۔ تمام سالوں کی لسٹ ایک ہی نوٹ بک میں لکھ رہی ہوں اور گزشتہ سال کی لسٹ پڑھ کے بہت خوشی ہوتی ہے جب قبول شدہ دعاؤں پر نظر پڑتی ہے۔ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی میں اپنی دعا لسٹ آپ کے ساتھ شیئر کروں گی۔ آپ سب سے میری یہی گزارش ہے کہ اس لسٹ کو اپنے پاس لکھ لیں یا save کر لیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ اسے شیئر کر کے صدقہ جاریہ کا حصہ بنیں۔ جزاکم اللہ خیراً
بِسمِ اللہ وَالحَمدُ لِلّٰہِ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُولُ اللہ - یا اللہ ! ہمیں ایمان، تقوٰی، حیا، صاف دل اور بہترین اخلاق عطا فرما۔ - ہمیں نفع دینے والا علم دے اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرما۔ - ہمارے تمام صغیرہ و کبیرہ، کھلے چھپے، لاعلمی میں ہوئے اور جانے انجانے میں کیے گئے تمام گناہ بخش دے۔
۔ خاتمہ بالخیر فرمانا اور مرتے وقت کلمہ نصیب فرمانا۔- ہمیں قبر کے عذاب، جہنم کی آگ اور روز محشر کی ہولناکیوں سے پناہ میں رکھنا۔ قیامت کے دن صالحین کے ساتھ اٹھانا۔ حاب کتاب میں آسانی فرمانا، چہرہ روشن ہو، نامہ اعمال داہنے ہاتھ میں ملے، جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمانا۔

- ہمیں صراط مستقیم دکھا، اس پر چلا، اور دمِ آخر تک استقامت عطا کر۔ ۔ ہمارا شمار مومنین، صالحین، صدیقین، متقین، اور متوکلین میں فرما۔ ۔ ہمیں دنیا و آخرت کے دکھوں، تکالیف اور مصیبتوں سے محفوظ رکھ۔ ۔ ہم سے ہماری تمام ذہنی، جسمانی، روحانی اور قلبی بیماریاں دور کر دے۔ تمام بیماروں کو جلد مکمل شفاء عطا کر۔ ۔ ہمیں عزت و محبت کے ساتھ اپنے گھر میں بسا۔ نیک اولاد عطا کر اور اسے متقین کا امام بنانا۔ ہر گھر کو محبتوں کا گہوارہ بنا دے۔ ۔ ہمیں نیکی اور بدی کا فرق واضح دکھا۔ حق پر جم جانے والا، اور برائیوں سے اجتناب کرنے والا بنا۔ یا رب، ہمیں ایسا بنا دے کہ گناہوں پر اصرار نہ کریں، توبہ کرنے والا بنا۔
۔ دن میں پانچ بار وقت کی پابندی کے ساتھ نماز ادا کرنے کی توفیق دے۔ ۔ ہمارا کردار بہترین بنا۔ ہماری زبان سے جھوٹ، غیبت، بہتان، الزام تراشی، گالی گلوچ جیسی قباحتیں دور فرما۔ ہمیں نرم دل، نرم گفتار، نرم خو بنا۔ ۔ رزق حلال طریقے سے کمائیں اور حلال جگہوں پر خرچ کریں۔ ہمارے رزق میں برکت ڈال اور ہمیں کنجوسی اور اسراف سے بچا۔ ۔ ہمیں اور ہماری اولاد کو شیطان اور نفس کے شر سے محفوظ رکھ۔ ہمیں جادو، بری نظر اور لوگوں کے حسد سے بچا۔
۔ دنیا و آخرت کی خیر اور بھلائیاں نصیب فرما۔ ہماری نیت تیرے لیے خالص ہو جائے۔ ریاکاری سے بچا اور تمام نیک اعمال کو قبول فرما۔

۔ ہمارے دلوں سے نفرت، غصہ، حسد، تکبر، کینہ، بغض، بخل اور تمام بیماریاں دور کر دے اور اسے محبت، خوشی، سکون،
دوسروں کی ہمدردی اور خلوص سے بھر دے۔ اندھیرے دور کر کے اپنے نور سے ہمارا دل بھر دے ۔ ۔ کسی نے ہمارا دل دکھایا ہو تو اس کو معاف کرنے اور اس کی غلطی کو بھولنے میں ہماری مدد فرما۔ اگر ہم نے کسی کا دل دکھایا ہو تو معافی مانگنے کی توفیق عطا فرما۔ انجانے میں کسی کو hurt کیا ہو تو ہمیں معاف کر دے۔
۔ ہمیں ہمارے والدین کے لیے اور ہماری اولاد کو ہمارے لیے صدقہ جاریہ بنانا۔ ہمیں اپنی اولاد کی تربیت دین اسلام کے عین مطابق کرنے میں مدد فرما۔
۔ جن کے والدین حیات ہیں، انہیں ان کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کر۔ جو رحلت فرما چکے ہیں ان کے درجات بلند فرما اور جنت الفردوس میں بلند مقام عطا کر۔
۔ ہمیں اچھی صحت، بہترین حافظہ دے۔ مال میں فراوانی دے اور تیری پسند کی جگہوں پر خرچ کرنے کی توفیق دے۔ ہمیں قرض اور سود سے نجات دے۔
۔ ہمارے وقت میں برکت ڈال اور productive کاموں میں وقت لگائیں۔ ۔ یا اللہ ! ہمیں جلد عمرہ اور حج کی سعادت نصیب فرما۔ ۔ سب بہن بھائیوں کی جلد، اچھی جگہ پر شادی ہو جائے۔ جو شادی شدہ ہیں انہیں ازدواجی زندگی کا سکون دے۔ بے اولادوں کو صالح اولاد دے اور اولاد والوں کے بچوں کو ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنا۔

۔ یا رب! پوری امت مسلمہ پر اپنی خاص رحمت فرما۔ مسلم امت کو کفار پر غلبہ دے۔ نبی ﷺ کے بتائے ہوئے رستے پر چلا اور دین پر استقامت فرما۔ جہاں جہاں مسلمان بھائی تکلیف میں ہیں، پروردگار! ان کی مشکل آسان فرما۔ جو جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے اور ہم بے بسی سے سب دیکھنے اور سہنے پر مجبور ہیں ، میرے رب، تو ہی حکمرانوں کے دل ان لاچاروں کے لیے نرم فرما اور غیب سے ان کی مدد کے اسباب پیدا فرما۔ ہمارے ملک میں امن، سکون دے اور ایسے حکمران ہمیں نصیب فرما دے جو قوم کے مال سے اپنی جیبیں نہ بھریں، جو پرخلوص ہوں، جو پاکستان کے لیے بہترین ثابت ہوں۔ ۔دین و دنیا کے تمام معاملات میں ہمارے لیے آسانی فرما۔ اور ہماری تمام تر جائز دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت بخش۔ ۔ اے اللہ! ہم آپ سے آپ کو مانگتے ہیں۔ آپ کی خوشنودی، آپ کی رضا ۔ ہمیں ایسا بنا دیں کہ آپ کو پسند آ جائیں۔ آمین یا رب العالمین!
ان دعاؤں کے علاوہ لسٹ میں میری پرسنل دعائیں ہیں جن میں اپنے لیے، اپنے ماں باپ، شوہر، اولاد، بہن بھائی، سسرال، رشتہ دار، اساتذہ اور دوست احباب کے لیے دعائیں شامل ہیں۔ آپ بھی اپنی دعا میں اپنے پیاروں کو مت بھولیے گا۔

Comments

نیر تاباں

نیر تاباں

نیّر تاباں ایک سلجھی ہوئی کالم نگار ہیں - ان کے مضامین دعوتِ فکر و احتساب دیتے ہیں- بچّوں کی نفسیات اور خواتین کے متعلق ان موضوعات پر جن پہ مرد قلمکاروں کی گرفت کمزور ہو، نیّر انھیں بہت عمدگی سے پیش کرسکتی ہیں- معاشرتی اصلاح براستہ مذہب ان کی تحریر کا نمایاں جز ہے

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.