فوج اقتدار بھی پلیٹ میں رکھ کے دے؟ - سمیع احمد کلیا

پاکستانی سیاست میں گزشتہ دو روز سےسب سے زیادہ زیر بحث چیز خلائی مخلوق ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ خلائی مخلوق ہے کیا اور کہاں سے آئی؟

خلائی مخلوق کا تذکرہ سب سے پہلے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف سے نہیں ہے بلکہ خلائی مخلوق سے ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’خلائی مخلوق مرضی کی پارلیمنٹ لانا چاہتی ہے۔ لیکن، ان کا وہ اثر نہیں رہا‘‘۔

سیاست دانوں کی جرات کا یہ عالم ہے کہ کوئی بھی شخص اس خلائی مخلوق کے حوالے سے وضاحت کرنے کے بجائے ان کے کام کے حوالے سے بات کر رہا ہے۔ لیکن عام طور پر ایسے نام فوجی اسٹیبلشمنٹ کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں حساس اداروں اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے لیے عموماً ’فرشتے‘ اور اس سے ملتے جلتے نام استعمال کیے جاتے ہیں۔ لیکن ’خلائی مخلوق‘ کا نام پہلی مرتبہ استعمال کیا گیا ہے ۔

مجھے افسوس سے لکھنا پڑ رہا ہے کے کے ہمارے سیاست دانوں کے اندر نہ تو اخلاقی جرات ہے نہ کوئی قابلیت ۔ اگر سیاست دان50 فیصد بھی اپنا کام ڈھنگ سے کرتے تو آج یہ خلائی مخلوق جیسے طعنے سننے کو نہ ملتے۔ سیاست دانوں کی قابلیت کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ جب بھی امریکا کا کوئی نمائندہ آتا ہے تو سیدھا آرمی چیف کے پاس جاتا ہے اور سب سے ملنے کے بعد سیاستدانوں کے ساتھ فوٹو سیشن ہوتا ہے۔ کسی سیاستدان کی جرات نہیں کہ کسی سے پوچھے کہ حکومت ہماری ہے ، حاکم ہم ہیں، تم ہمارے ماتحت سے کیوں ملتے ہو؟ پولیٹیکل سائنس کا طالب علم ہونے کے ناطے میں ایک مضبوط جمہوری حکومت کے حق میں ہوں مگر سوال یہ ہے کے حکومت کے کرنے والے کام بھی جب فوج کرے گی تو خلائی مخلوق کا نام سننے کو ملتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:   برطانیہ کی منقسم جمہوریت - جہاں تاب حسین

آج کل حکومت سب سے زیادہ سی پیک کا کریڈٹ لیتی ہے حققت یہ ہے کہ سی پیک پاک فوج کا وژن تھا اور چینیوں نے گارنٹی بھی فوج سے ہی لی اور سارا معاملہ دیکھ بھی فوج رہی ہے۔ اس ملک میں حکمران کوئی کام فوج کے بغیر نہیں کر سکتے۔ آپ خود ہی بتائیں کس ملک میں فوج پولیو کے قطرے پلاتی ہے؟ کس ملک میں فوج مردم شماری کرتی ہے؟ کس ملک میں فوج الیکشن کرواتی ہے؟ کس ملک میں فوج بس کھائی میں گر جائے تو نکالتی ہے؟ کس ملک میں فوج لینڈ سلائڈنگ کو کلیئر کرتی ہے؟ کس ملک میں فوج آگ بجھاتی ہے؟ کس ملک میں فوج پولیس والی ڈیوٹیاں کرتی ہے؟ کس ملک کی فوج سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالتی ہے؟ کس ملک میں فوج گھر گھر دہشت گردوں کو ڈھونڈتی ہے؟ کس ملک میں فوج ڈیم بناتی ہے؟ کس ملک میں فوج سڑکیں بناتی ہے؟ کس ملک میں فوج سکول بناتی ہے؟ کس ملک میں فوج خود سکول بنا کر اسی میں خود پڑھاتی بھی ہے؟ کس ملک میں فوج کرکٹ کھیلنے والوں کی تربیت کرتی ہے؟ کس ملک میں فوج سیاستدانوں کے گھروں پر پہرہ دیتی ہے؟ کہیں نہیں!

بے شک فوج ملک کی ہے، ملک کے لیے ہے، لیکن بھارت کی 16 لاکھ فوج سوائے کشمیر کے کسی جگہ ڈیوٹی پر نہیں بیرکوں میں ہے۔ امریکا و برطانیہ کی فوج کبھی اپنے ملک میں وبائی امراض کے ٹیکے نہیں لگاتی۔ لیکن ہمارے ہاں اب یہ نئی بیماری بھی شروع ہوگئی ہے کہ فوج اقتدار بھی ہمیں پلیٹ میں رکھ کے دے دے ورنہ وہ خلائی مخلوق ہے!

Comments

Avatar

سمیع احمد کلیا

سمیع احمد کلیا پولیٹیکل سائنس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور سے ماسٹرز، قائد اعظم لاء کالج، لاہور سے ایل ایل بی اور سابق لیکچرر پولیٹیکل سائنس گورنمنٹ دیال سنگھ کالج، لاہور ہیں۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.