آداب ِ چائے نوشی - اسد سلیم

جب عشق سکھاتا ہے آداب خود آگاہی

کھلتے ہیں غلاموں پر اسرار شہنشاہی

صاحب! یہ شعر جس زمانے میں کہا گیا تھا، شاید اس وقت کا نوجوان اس کو آسانی سے سمجھ لیتا ہوگا۔ لیکن یقین کریں آج کل ایسا مشکل شعر سگریٹ یا چائے پیے بغیر سمجھ آہی نہیں سکتا۔ ڈاکٹر ہو یا ٹرک ڈرائیور، چائے اور سگریٹ دو ایسی چیزیں ہیں کہ ان کا استعمال کیے بغیر ساری رات نہ تو ٹرک چلایا جا سکتا ہے، نہ ہی ایک ڈاکٹر ایمرجنسی وارڈ کی ڈیوٹی کر سکتا ہے۔ تو بات یہ ہے کہ سگریٹ کے تو ہم آج تک پاس بھی نہیں گئے، اس لیے جو تھوڑی بہت ڈاکٹری کی ٹریننگ کر رہے ہیں، وہ ساری کی ساری چائے کے سہارے ہی چل رہی ہے۔ ورنہ شاید لڑکھڑا کر کب کی گر چکی ہوتی۔

کہتے ہیں کتابیں پڑھنا ایک مشغلہ ہے اور آجکل انٹرنیٹ پر کتابیں پڑھنے کا رواج ہے لیکن کتاب کو خریدنا، اس کی خوشبو سونگھنا، ہاتھ میں پکڑ کر اس کا لمس محسوس کرنا ایک رومانس ہے۔ صاحب! اسی طرح چائے پینا بھی ایک نشہ ہے لیکن چائے بنتے دیکھنا، اس کی خوشبو سونگھنا، ایک ایک چائے کی چسکی کو انجوائے کرنا ایک رومانس ہے۔ کھانا کھانے کے آداب تو بہت سکھائے جاتے ہیں۔چلیے آج چائے پینے کے آداب کا ذکر کرتے ہیں:

1-سب سے پہلے کسی اور کو (خاص طور پر امی کو) چائے بنانےکا کہیں۔

2-پھر امی کے چائے کی کیٹل کو چولہے پر رکھنے کی آواز سنیں-

3-پھر پانی کے اُبلتے وقت کیٹل کے ساتھ لگنے کی وجہ سے جلنے کی آواز سنیں۔

4-پھر پانی میں پتی ڈالنے کے بعد آنے والی مہک سونگھیں۔

5-پھر کوشش کریں خود چولہے کے اوپر پہنچ جائیں اور چائے کو ابلتا ہوا دیکھیں۔ کیسے پتی،دودھ اور پانی ایک دوسرے میں گھل مل کر ایک نیا” شاہکار”پیدا کرتے ہیں، جسے چائے کہتے ہیں-

6-چائے کو پھینٹے ہوئے دیکھیں، جب چائے اور آکسیجن ملتی ہے تو اس کا ذائقہ ہی بدل جاتا ‎ہے، جو ٹی بیگ والی بد ذائقہ چائے سے کئ گنا بہتر ہوتا ہے۔

7-اب چائے کو کپ میں ڈالیں اور چائے کی کپ میں گرنے کی آواز سنیں۔ ایک سنگدل محبوبہ سے بہانہ کر کے ملنے جیسی تڑپ ہو جیسے اس میں۔

8-اب چائے کے کپ کو پاس رکھیں اور محسوس کریں یہ "فیلنگ" کہ آپ کے پاس پینے کے لیے ایک پورا چائے کا کپ موجود ہے۔

9-اب کپ اٹھائیں، اس کو اپنے ہونٹوں سے لگائیں، اور پہلا سپ لیں۔

10-ایک نشئی جب نشے کا ٹیکہ لگاتا ہے تو جو سب سے پہلا احساس ہوتا ہے، اس احساس کو سو سے ضرب دے دیں تو اتنا مزہ آتا ہےچائے کہ پہلی چسکی کا۔

11-شیطان آپ کو یہ شئیر کرنے سے روکے گا، یہ وہم ڈال کر کہ چائے پینے سے رنگ کالا ہو جاتا ہے یا معدے کی گرمی ہوجاتی ہے۔

ٹیگز