ہمہ جِہَت قرآنی ایپ اسلام 360 - طاہر علی بندیشہ

رمضان شریف کی آمد قریب قریب ہے۔ یوں تو بقول علامہ محمد اکرم ندوی صاحب ہم مسلمانوں کی ایک کثیر تعداد قرآن پاک پڑھتی تو بہت ہے مگر بشمول حُفّاظ کرام کے سمجھنے والے بہت کم ہیں۔ ان کے لیے یہ ایک اجنبی صحیفہ ہے۔ اگرچہ قرآن پاک تو سارا سال ہی تلاوت کیا جاتا ہے مگر رمضان شریف میں تلاوتِ فرقان مجید کا رجحان اور رفتار دونوں ہی کچھ زیادہ ہوتے ہیں۔

یہ ٹیکنالوجی اور ایپس کا دَور ہے ہر چیز سمٹ کر ایپس میں آ گئی ہے۔ عرصہ تین سال سے سمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے کئی قرآنی ایپس ڈاؤنلوڈ کیں، کھنگالیں اور پھر ڈیلیٹ کر دیں ہر کسی میں کوئی نہ کوئی کمی محسوس ہوتی۔ کہیں ترجمے کا مسئلہ کہیں فونٹ میں خرابی۔ پھر گولڈن قرآن نامی ایک عربی ایپ ملی جس میں ترجمہ تو خیر ایک ہی تھا مگر اس میں دو تین اضافی چیزیں تھیں۔ کوئی بھی آیت سرچ کرنے کی سہولت دو تین انگلش تفسیریں اور چند قدیم عربی تفاسیر، نماز ٹائم الرٹ۔ مگر پھر گزشتہ سال اسلام 360 نامی ایپ سے تعارف ہوا تو یوں لگا کہ تھا جس کا انتظار وہ شاہکار آ گیا ہے۔ تقریباً ہر وہ چیز جس کی ضرورت پڑتی تھی اور پڑ سکتی تھی وہ سب اسی ایک ایپ میں مہیا کر دیا گیا۔ قرآنی فونٹ جو ہم پڑھتے ہیں جس سے ہماری آنکھیں آشنا ہیں، رکوع، آیت، پارہ نمبر ـ اس کے ساتھ گیارہ اردو تراجم، حتیٰ کہ رومن اردو بھی اور ہندی جسے دیوناگری رسم الخط کہتے ہیں، میں بھی ترجمہ دیا گیا ہے۔ انگریزی دان طبقے کے لیے انگریزی ترجمہ بھی دیا گیا ہے۔ تفسیر ابن کثیر، تفسیر تفہیم القرآن از مولانا مودودی صاحب اور تفسیر از مولانا تقی عثمانی صاحب یہ تینوں تفاسیر اردو میں دی گئی ہیں جو ہم پڑھ بھی سکتے ہیں اور سن بھی سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دو اور تفاسیر فقط سن سکتے ہیں ڈاکٹر اسرار صاحب اور مفتی سعید صاحب کی تفاسیر۔

یہ بھی پڑھیں:   ناروے کا ابابیل - راجہ کاشف علی خان

یہ امر بھی کسی حیرانی سے کم نہیں ہے کہ جو اپنی قرات درست کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے مائیک کی آپشن دی ہے وہ ایک ایک کر کے آیت کریمہ سماعت کریں اور پھر اپنی آواز میں ریکارڈ کر کے دوبارہ سن سکتے ہیں اور تلاوتِ قرآن کریم کے دوران تلفُّظ و قرات کی اغلاط سے بچ سکتے ہیں۔ تیرہ قراءِ حرم شریف کی آواز میں تلاوتِ قرآن کریم بھی سنی جا سکتی ہے۔ آیاتِ سجدہ، رموزِ اوقاف سے بھی شناسائی کروا دی گئی ہے۔ جو دین کے طالب علم قرآن پاک کے الفاظ کے معنی میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کے لیے مشہورِ زمانہ امام راغب اصفہانی کی کتاب اَلْمُفرداتُ فی غریبِ القرآن کا اردو ترجمہ بھی شاملِ ایپ کر دیا گیا ہے۔ اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ امام راغب نے ہر قرآنی لفظ کا لغوی اور اصطلاحی معنی اس کا مادہ اس کے مشتقات اور جو جو اس کے معانی مختلف ابواب لازم و متعدی میں نکلتے ہیں مع عربی اشعار و عبارات کے ساتھ واضح فرمائے ہیں۔ این طور ہم قرآن پاک کو لفظ بہ لفظ ترجمہ کے ساتھ نہ صرف پڑھ سکتے ہیں بلکہ الفاظ کے اصل مطالب و معانی اور لہجوں تک کو عربی زبان کے تناظر میں سمجھ سکتے ہیں۔ الغرض یہ ایپ ایک حیرت کدہ ہے۔ بامحاورہ ترجمہ پڑھیں یا الگ الگ لفظ کا، آیت بہ آیت ترجمہ پڑھیں۔ پارہ بہ پارہ پڑھئے یا سورۃ بہ سورۃ تلاوتِ کلام پاک سے بہرہ مند ہوئیے۔ سرچ آپشن الگ خصوصیات کا حامل ہے، موضوع کے اعتبار سے آیات کریمہ تلاش کرنا چاہتے ہیں یا الفاظ کے اعتبار سے۔ لفظی اعتبار سے اردو، عربی، انگریزی، ہندی یا پھر رومن کسی بھی زبان میں کوئی ایک لفظ جو یاد ہو لکھ کر سرچ کریں اس لفظ کی مناسبت سے جتنی بھی آیاتِ کریمہ ہونگی سب سامنے آ جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:   اب کے مار - قادر خان یوسف زئی

یہ تو تھیں کلامُ اللہ کی باتیں مگر اسی پہ اکتفا نہیں کیا گیا ہے بلکہ وہ جو کسی صاحبِ حال نے کہا تھا " قرآن اپنے معانی صاحبِ قرآن کی معیّت کے بنا نہیں کھولتا " نئی ایپ نے صاحب قرآن کی باتیں، جوامعُ الکَلَم جنہیں ہم احادیث مبارکہ کے نام سے یاد کرتے اور سر آنکھوں پہ رکھتے ہیں وہ بھی شاملِ ایپ کر دی ہیں۔ وہ ایک الگ حیرت کدہ ہے جو حیرت افزا و حیرت آفرین ہے۔ ایک دو تین نہیں بلکہ نو احادیث مبارکہ کی کتب مع اردو انگریزی ترجمہ اس ایپ میں سمو دی گئی ہیں۔ صحاح ستّہ، السلسلۃُ الصّحِیحۃ، مُسند امام احمد بن حنبل اور مشکوٰۃ المصابیح۔ اب اسی خطوط پہ ایک نیا کام کرنے جا رہے ہیں آیات کریمہ کی تفاسیر میں جس کسی حدیث مبارکہ کا حوالہ دیا گیا ہے اس حوالہ کو جانچنے اور تصدیق کرنے کے لیے وہیں سے حدیث کی کتاب سے اسے مُرتَبط کیا جا رہا ہے تاکہ الگ سے کھوج کرنے کی مشقت سے بچا جا سکے۔

عبادات کے نام سے ایک فولڈر میں نماز، روزہ، نماز جنازہ اور حج/عمرہ کا طریقہ اور متعلقہ مسائل بھی بیان کیے گئے ہیں جن کی ہماری روزمرہ کی زندگی میں ضرورت پڑتی ہے۔ مسنون دعائیں ہیں جنہیں حدیث مبارکہ کی رو سے ہماری روزمرہ کی زندگی میں ہر قدم پر استعمال کرنے کی تلقین کی گئی ہے اور ان کو پڑھنے کی عادت ہونی چاہیے، اضافی نامی فولڈر میں نماز اوقات، قبلہ ڈائریکشن، اسماء الحسنی، تسلیمات و آداب (greetings) اور گننے کے لیے ڈیجیٹل تسبیح بھی مہیا کی گئی ہے۔