ووٹ کا درست استعمال سکھائیں - سنجے متھرانی

پاکستان ایک جمہوریت ہے اور اس جمہوریت کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے اور یہ فرض بہتر طور پر تبھی ادا ہوگا جب ہمیں اپنے حقوق سے آگہی ہوگی۔ شہریت جمہوریت کا ایک حصہ ہے، چنانچہ ہر شہری کا اچھا اور بہترین ہونا سیاست کے لیے بہت اہم ہے۔ یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ہم دو چیزوں پر انحصار کرتے ہیں، حقوق پر اور ذمہ داری کو نبھانے پر۔

حقوق پر انحصار کا مطلب یہ ہے کہ ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں اس میں اپنے بچوں کو بہترین شہری کیسے بنایا جائے۔ ان میں یہ شعور اجاگر کرنا اور ان کو ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہمارا فرض ہے۔ ایک عام شہری بھی معاشرے کا حصہ ہے، چھوٹا ہو یا بڑا، امیر ہو یا غریب، مرد ہو یا عورت سب مل کر ایک دنیا کو جنم دیتے ہیں اور اس دنیا کو برقرار رکھنا سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ اپنے بچوں کو ان کے حقوق اور فرائض سے آگاہ کریں تاکہ وہ آگے چل کر معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کریں اور وہ بھی ایک خاندان کا، ایک ادارے کا، ایک کھیل کا، ایک جیت کا حصہ بن سکیں۔ ذمہ داری کا مطلب کوئی کام اچھے سے کرنا ہے اور ذمہ داری ایک دائرے میں رہ کر پوری کی جاسکتی ہے۔ اگر کسی کے کام میں کوئی بےجا رکاوٹ یا مداخلت کرتا ہے تو آپ کا فرض ہے کہ آپ اسے روکیں۔ مگر ہر کام قانون کے مطابق ہونا چاہیے . قانون جو ریاست بناتی ہے اس کے مطابق قانون کی پاسداری کرنا بھی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

اپنے بچوں کو قوانین کے بارے میں بتائیں اگر کسی قانون کو توڑا جائے تو اس سے معاشرے میں کیسی بدنظمی پیدا ہوگی، یہ شعور بچوں میں ضروری ہے۔ قوانین شہریوں کے حقوق کو مضبوط کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں، اظہار کی آزادی کا، جینے کا، مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا بلکہ معاشرے میں کچھ غلط ہونے پر آواز اٹھانے کا حق بھی۔ ان میں سب سے بڑا حق ہے ووٹ دینے۔ اپنے بچوں میں صحیح چناؤ کا شعور بیدار کرنا ہمارا فرض ہے تاکہ کرپشن اور بے ایمانی سے پاک معاشرہ جنم لے۔ اس کے علاوہ یہ شعور بھی اجاگر کرنا بھی لازمی ہے کہ تمام مذاہب کا احترام ضروری ہے، کسی کی توہین نہ کی جائے کیونکہ ریاست میں سب کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   زندگی پر کس کا حق ہے؟ - محمد اسماعیل ولی

ووٹ کا درست استعمال جمہوریت کو مضبوط کرتا ہے۔ اس کے صحیح استعمال کے نتیجے میں ایک مثبت شخص اسمبلی میں پہنچ سکتا ہے اور یوں معاشرے میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔ جمہوری نظام کی مضبوطی کی پاکستان کی مضبوطی ہے اور اس کی مضبوطی میں ہی ہماری بقاء ہے۔ اس لیے اپنے بچوں میں آگہی اور شعور پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم انہیں ووٹ کا صحیح استعمال کرنا سکھائیں تاکہ وہ ایک اچھا شہری ہونے کا فرض بخوبی ادا کر سکیں اور ایک بہترین معاشرہ تشکیل پا سکے۔