”بُکس آن وہیلز“روشنی کی کرن – ارشد زمان

جدید زندگی کی چکاچوند سے نوجوانوں کی آنکھیں چندھیا گئی ہیں۔ انہیں تو ویسے ہی بہت سی بامقصد اور مثبت سرگرمیوں سے دور کردیا گیا تھا لیکن سوشل میڈیا کی یلغار نے تو گویا ان سے کتاب بزور طاقت چھین لی ہے۔ اب فارغ وقت ہی کیا؟ اکثر وہ اسی پر مصروف نظر آتے ہیں۔ گرچہ یہ بات بھی اپنی جگہ درست ہے کہ یہاں بھی مفید معلومات کی ایک دنیا تک رسائی ممکن ہو پائی ہے لیکن کتاب کی اہمیت و افادیت آج بھی ایک اٹل حقیقت ہے اور اس کا کوئی متبادل نہیں۔

کتب بینی ایک مکمل کلچر ہے جس کے ہوتے ہوئے علم دوستی بھی پروان چڑھتی ہے اور تاریخ سے آگاہی، روایات کی منتقلی، شعائر و اقدار کا تحفظ اور تہذیب و تمدّن کی ترقی بھی ممکن ہو پاتی ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب تھمانا اہل بصیرت کی آرزو رہی ہے جس سے ریاست اور ادارے سب پہلو تہی کر رہے ہیں۔ ایسے میں روشنی کی ایک کرن ہے عزیزم احمد حسین۔ تخلیقی ذہن رکھنے والے ایک انتہائی متحرک، محنتی، بیدار، درد مند اور کچھ کر گزرنے کی آرزو رکھنے والے نوجوان۔ ہر گھر میں لائبریری کا قیام ان کا خواب ہے لیکن اب یہ صرف خواب نہیں رہا بلکہ اسے حقیقت کا روپ دینے کے لیے انہوں نے عملی قدم بھی اٹھایا ہے۔ کوئی بھی کتاب، بالخصوص دینی کتب، صرف ایک ٹیلی فون کال کی دوری پر ہیں۔ انتہائی مناسب بلکہ کم قیمت پر آپ کا انتخاب دہلیز پر حاضر ہو جاتا ہے۔ وہ اس کے لیے فنڈ کرتے ہیں، اداروں سے ڈسکاؤنٹ لیتے ہیں، مجھے نہیں معلوم کس طرح لیکن یہ اہتمام انہوں نے بہت خوبی سے کیاہے۔

تحریک اسلامی کو اس حوالے سے خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اس طرح کی عملی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کیونکہ علمی، فکری، تعلیمی و نظریاتی تحریکوں میں کتب بینی کے شوق کی کمی لمحہ فکریہ ہے اور ایک خطرناک رحجان کی طرف اشارہ بھی۔ کیونکہ نظریات کے دوام، استحکام، نکھار اور پھیلاؤ کے لیے تو علم اور مطالعہ ایک ناگزیر حقیقت اور مضبوط ترین بنیاد ہے۔

بقول احمد حسین کے: ”بُکس آن وہیلز“ کے ذریعے مخلوقِ خُدا کو ربِ کائنات سے جوڑنے کے لیے ہر دم بیدار اور آپ کے ساتھ۔ کتاب اور سٹڈی کلچر کے ذریعے ایک توازن، پائیدار، پُرامن اور خوشحال معاشرے کے لیے کوشاں۔ ”ہر گھر میں ایک لائبریری“ کا قیام۔

اس لیے کتاب سے ناتا جوڑنے اورسٹڈی کلچر عام کرنے کے لیے پورے پاکستان میں جاری اِس کارِ خیر میں آپ کسی بھی صورت شریک ہو سکتے ہیں۔ خوشی کے مواقع پر ملک بھر، آپ کسی کو کتاب تحفے میں دینا چاہتے ہیں یا علم کی پیاس بجھانے اور مزید معلومات حاصل کرنا پسند کرنا چاہتے ہیں تو ”بُکس آن وہیلز“ سے bowpakistan@gmail.com یا 03009004124 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Comments

ارشد زمان

ارشد زمان

ارشد زمان اسلام کے مکمل ضابطہ حیات ہونے پر یقین رکھتے ہیں۔ اسلام اورمغربی تہذیب پسندیدہ موضوع ہے جبکہ سیاسی و سماجی موضوعات پر بھی طبع آزمائی کرتے ہیں۔ تعلیم و تربیت سے وابستگی شوق ہے۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */