اردو لغت آف لائن - انجینئر بشارت علی

لغت ( انگریزی لفظ ڈکشنری) کسی زبان کے حروف تہجی کے اعتبار سے ترتیب دیے گئے الفاظ کا ایسا مجموعہ ہے جو ان الفاظ کا تلفظ، املاء، معنی و مفہوم اور استعمال کی تراکیب بیان کرتا ہے۔ کسی زبان کی بقاء، ترقی و ترویج میں لغت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دور حاضر میں اردو زبان کی لغت کتابی شکل میں ضخیم جلدوں کی شکل میں موجود ہے اور جیبی سائز میں بھی دستیاب ہے۔

کمپیوٹر اور انٹرنیٹ عام ہونے کے بعد مختلف اداروں نے آن لائن ویب سائٹس بنائیں جن پہ کسی بھی اردو لفظ کے معنی و مفہوم تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ سمارٹ فون کے لیے بھی اردو لغت ایپس تیار کی گئیں مگر ان ایپس میں مسئلہ یہ تھا کہ یہ انٹرنیٹ کے بغیر کام نہیں کرتی تھیں یعنی آف لائن نہیں چلتی تھیں۔ واضح رہے کہ کچھ ایپس ایسی ہیں جن میں کتابی شکل میں شائع ہونیوالی لغات کا عکس یعنی تصویری فارمیٹ موجود ہے جن میں کسی ایک لفظ کو تلاش کرنے کے لیے متعلقہ صفحے پہ جا کے وہ لفظ خود تلاش کرنا پڑتا ہے یعنی یہ ایپس سرچ ایبل فارمیٹ میں نہیں ہیں جبکہ انگریزی اور دوسری زبانوں کی بے شمار ایپس اینڈرائیڈ اور پلے سٹور پہ موجود ہیں جو آف لائن چلتی ہیں۔

شائقین اردو عرصہ دراز سے ایک ایسی اردو لغت کی ضرورت شدت سے محسوس کر رہے تھے جو نا صرف آف لائن ہو بلکہ قابل تلاش یعنی سرچ ایبل فارمیٹ میں ہو جہاں کسی بھی لفظ کو لکھ کر صرف ایک کلک سے معنی معلوم کیا جا سکے۔ خوشخبری یہ ہے کہ اردو کی آف لائن لغت تیار کر لی گئی ہے جسے گوگل پلے سٹور سے با آسانی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

آف لائن اردو لغت ایپ کی تیاری کا یہ کارنامہ بنوں سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے طالب علم وقاص خان نے سر انجام دیا ہے۔ ان کی تیار کردہ ایپ میں دو لاکھ سے زائد اردو الفاظ کے معنی و مفہوم شامل ہیں۔ سرچ بار میں اردو زبان کا کوئی بھی لفظ لکھیے، پلک جھپکتے میں اس لفظ کا اعراب کے ساتھ درست تلفظ، مترادف، مختلف اشعار میں اس کا استعمال، معنی و مفہوم، تاریخ اور ساتھ ہی ساتھ انگریزی مترادف بھی سامنے آ جائے گا۔

ایپ کا انٹرفیس نہایت سادہ ہے۔ ایپ میں کوئی اضافی کی بورڈ شامل نہیں کیا گیا بلکہ آپ اپنے موبائل میں پہلے سے موجود کی بورڈ سے اردو لفظ لکھ سکتے ہے۔ اس طرح موبائل کی رفتار سست نہیں پڑتی اور تیز رفتاری سے تلاش ممکن ہو جاتی ہے۔ اگر آپ نے اپنے کی بورڈ کے لیے اردو زبان کی سپورٹ شامل نہیں کی ہوئی تو کوئی بات نہیں آپ رومن اردو میں بھی لکھ سکتے ہیں۔ اس کے لیے فونیٹک کی بورڈ کا سٹائل استعمال کیا گیا ہے۔ ان پیج اردو استعمال کرنے والے فونیٹک کی بورڈ کے بارے میں اچھی طرح جانتے ہیں۔ اس کی بورڈ کا عکس (مدد) کے سیکشن میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اس آف لائن اردو لغت کی تیاری سے اردو زبان کو مزید فروغ ملے گا اور اہل اردو درست تلفظ کے ساتھ اردو لکھنا، پڑھنا اور بولنا جان پائیں گے۔ ایپ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس میں کچھ اغلاط بھی موجود ہیں۔ جنہیں صارفین کی نشاندہی کے ساتھ اپ ڈیٹس کی شکل میں دور کیا جاتا رہے گا۔ گوگل پلے سٹور پر اس ایپ کو تیس ہزار سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور سات سو سے زائد لوگوں نے اس پہ اپنی رائے کمنٹس کی شکل میں دی ہے۔ پلے سٹور پہ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے "Urdu Lughat Offline" لکھیے یا اس لنک پہ کلک کیجیے۔