ایسا ابّا کہاں سے لبّا؟ - زبیر منصوری

میں یہ جملہ ہرگز نہ لکھتا اگر مجھے ایک ہی دن میں چار ایسے نوجوان نہ ملے ہوتےجو وہ مضمون پڑھ رہے ہیں جو وہ پڑھنا نہیں چاہتے۔ مگر کیا کریں ابا دراصل دادا کی خواہش بالجبر ان کے ہاتھوں پورا کروانا چاہتے ہیں۔

اب وہ بے چارے کیا کریں؟ کدھر جائیں؟ اللہ نے کمال حکمت سے دنیا کی ریسیپی کچھ اس طرح تشکیل دی ہے ال اس چمن میں ہر طرح کے پھول رکھ چھوڑے ہیں، بس انسان کے ذمہ یہ کام کیا ہے کہ جس کام کے لیے اسے پیدا کیا گیا ہے وہ اسے تلاش کرے اور کر گزرے۔ اس کام کے لیے اس کے دل میں دو چیزیں رکھ دی گئیں ایک تو اس کام کی دلچسپی ، دوسرا اس کام میں دماغ کا خوب creatively چلنا اور نئے نئے آئیڈیاز کا آنا ۔

دکھ تب دُگنا ہو جاتا ہے جب یہ معلوم ہوتا ہے کہ جنہوں نے اللہ کے مقابلے کے لیے اپنا نظام بنایا، انہوں نے انسانی ذہن رجحان اور استعداد کا جائزہ لینے اور ٹھیک فیصلے کرنے کے لیے ایک سے ایک creative ٹیسٹ بنا ڈالے حتیٰ کہ استاد نے ایک بار بتایا تھا کہ اسرائیل میں کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں جو ٹھیک اس جگہ نہ ہو جہاں اسے ہونا چاہیے۔ مگر افسوس امت مسلمہ میں شاید کوئی ایک آدمی بھی اس جگہ نہیں جہاں اسے ہونا چاہیےاور شاید یہی وجہ ہے نوجوان نہ وہ نتائج دے پاتے ہیں اور جب عملی زندگی میں آتے ہیں تو اپنا ناپسندیدہ کام کرتے رہنے کی مسلسل اکتاہٹ انہیں ڈپریشن بلڈ پریشر شوگر تک لے پہنچتی ہے، گھریلو زندگی متاثر ہوتی ہے، چڑچڑاپن زندگی کو بے ذائقہ بنا دیتا ہے۔

ریڈرز ڈائجسٹ کی ایک برسوں طویل ریسرچ نے بتایا کہ اپنی پسند کا کام کرنے کا فیصلہ کرنے والے دولت کمانے میں بھی ناپسندیدہ کام میں زندگی گزارنے والوں سے بہت آگے چلے گئے۔

تمام ابوؤں سے میری مؤدبانہ گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو وہ کرنے دیں جو وہ کرنا چاہتے ہیں، وہ نہیں جو آپ ان سے کروانا چاہتے ہیں۔ ان پر یہ جبر ظلم ہے اور آپ خود ہی اپنے بچوں پر ظلم کریں گے؟

Comments

زبیر منصوری

زبیر منصوری

زبیر منصوری نے جامعہ منصورہ سندھ سے علم دین اور جامعہ کراچی سے جرنلزم، اور پبلک ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کی، دو دہائیاں پہلے "قلم قبیلہ" کے ساتھ وابستہ ہوئے۔ ٹرینر اور استاد بھی ہیں. امید محبت بانٹنا، خواب بننا اوربیچنا ان کا مشغلہ ہے۔ اب تک ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو ورکشاپس کروا چکے ہیں۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.