ثبوت سو لفظوں کی کہانی- مبشر علی زیدی

’’ہماری حکومت کی کام یابی کا ثبوت یہ ہے کہ
ہمارے زر مبادلہ ذخائر کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔‘‘
چین کے وزیر نے فخر سے بتایا۔
یہ جنیوا میں ہوئے غیر رسمی اجلاس کا قصہ ہے۔
وزرا اپنی حکومتوں کی کام یابیاں گنوا رہے تھے۔
’’ہماری حکومت کی کام یابی کا ثبوت یہ ہے کہ
ہمارے ترقیاتی منصوبے کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔‘‘
جرمنی کی وزیر نے کہا۔
میری باری آئی تو میں نے غرور بھرے لہجے میں اعلان کیا،
’’ہماری حکومت کی کام یابی کا ثبوت یہ ہے کہ
ہمارے خلاف کرپشن کے مقدمات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔‘‘