ایم کیو ایم پاکستان سے مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمیں اتحاد کی ضرورت نہیں لیکن ایم کیو ایم پاکستان والے رابطہ کریں تو بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی زبردست چل رہی ہے ہمیں اتحاد کی کوئی ضرورت نہیں، پھر بھی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ہم سے رابطہ کریں تو بات کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمارے دروازے مذاکرات کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فاروق ستار نے میری گاڑی کی قیمت ساڑھے 3 کروڑ روپے لگائی جو کہ غلط ہے، کیا فاروق ستار میری لینڈ کروزر کی وجہ سے پارٹی چھوڑ کر جا رہے تھے۔ انہوں نے الطاف حسین کی ایم کیو ایم کو زندہ رکھا ہوا ہے، ہم ان سے سوال کریں گے کہ میئر کراچی کام کیوں نہیں کررہے اور یہ پوچھنا ہمارا حق ہے۔ فاروق ستار کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان سے یہ سب کرایا گیا، فاروق ستار آدھا سچ بھی نہیں بتا رہے بلکہ آدھا جھوٹ بول رہے ہیں۔

یہ پڑھیں: فاروق ستار سے اسٹیبلشمنٹ نے ملاقات کروائی
واضح رہے کہ ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار پر متعدد الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ فاروق ستار کی خواہش پر اسٹیبلشمنٹ نے ہماری ملاقات کرائی۔