بنتِ حوا کے نام - حنا صدف

زیب دیتا ہی نہیں ہے تجھے عریاں ہونا

بے لباسی کا ہے مطلب فقط حیواں ہونا

اہلِ مغرب سے بھلا کیوں تجھے یکساں ہونا

ہے کہاں اُن کو میسر تیرے شایاں ہونا

کیوں تیرے حُسن سے خیرہ ہوں زمانے والے

اچھا لگتا ہے تجھے کھیل کا ساماں ہونا؟؟

ایک لغزش سے بگڑ جائے گی دنیا تیری

پاک رہنا ہے بھلا، ہے غلط عصیاں ہونا

داغ دامن پر زمانہ نہ لگانے پائے

یوں جو ہوجائے تو ممکن نہیں درماں ہونا

نوچ ڈالیں گے یہ بھنورے تیرے بال و پر

ہے بھلا تیرے لیے ان سے گریزاں ہونا

تو مسلماں ہے تیرا دین تجھے کہتا ہے

نامناسب ہے تیرا سب پر مہرباں ہونا

کیوں ہے تجھ کو تمنا کہ تجھے سب دیکھیں؟

بن کے تصویر کیوں دیوار پر چسپاں ہونا؟

یہ ہے تہذیب ہماری؟ یہ تمدن ہے بھلا؟

جھومنا بے وجہ ہی، بے وجہ رقصاں ہونا

ایسی شہرت سے ہے بہتر کہ تو گم نام رہے

کیوں کسی خبر کا نازیبا سا عنواں ہونا

تیرا گہنا یہی حرمت ہے، یہی عصمت ہے

بنتِ حوا ہے بھلا کیوں تجھے ارزاں ہونا

تیرے دامن سے جنم لیں گے ستارے کل کے

پھر ہے تجھ کو کیوں گوارہ ترا ناداں ہونا

ٹیگز