تبصرہ کتب: "الوصایا " از شیخ حمزہ محمد صالح عجاج –سہیل بشیرکار

سوچنے سمجھنے والے کے لیے وصیت اہم ہوتی ہے، وہ بھی جب کسی بڑے انسان کی طرف سے ہو، لیکن یہی وصایا جب اس ذات بابرکات کی طرف سے ہو جو انسانیت کا سب سے بڑا ہمدرد، محسن وغم خوار اور خیرخواہ ہو، جس کو ہمیشہ یہ فکر سوار رہی ہو کہ کیسے انسانیت کا مستقبل اور حال سنور جائے (صلی اللہ علیہ و سلم) تو ہم سے زیادہ خوش نصیب کون ؟ پیارے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی ان 165 احادیث جن میں رسول رحمت نے صحابہ کرام کو وصیت کی تھی۔ ان کو 55 عنوانات کے تحت شیخ حمزہ محمد صالح عجاج نے الوصایا نامی کتاب میں جمع کیا ہے اور عزیزی مفتی مجاہد شبیر فلاحی نے نہ صرف بہترین اسلوب میں اس کتاب کو اردو کا پیرہن عطا کیاہے بلکہ ان احادیث کی تخریج کرکے اس کتاب کی افادیت اور اہمیت کو دوچند کردیا ہے۔ 144 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی ان وصایا کو شامل کیا گیا ہے جو کہ فرد کی اصلاح میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔

فرد کے اندر تعلق با للہ پیدا ہو اس کے لیے علماء نے ہمیشہ کوششیں کی ہیں اور اسی کوشش کا مظہر یہ کتاب ہے۔رب العزت سے صحیح تعلق کیسے قائم ہو؟ فرد رب چاہی زندگی کیسے گزارے؟ اس کے لیے مذکورہ کتاب کافی اہمیت کی حامل ہے۔ جب فرد مشکلات میں ہو تو بارگاہ ایزدی میں بندے کی حضوری کا الگ ہی مقام ہوتا ہے اور ایسا ہی مقام تھا جب مذکورہ کتاب کے ترجمہ اور تخریج کا کام عزیزی مجاہد شبیر نے انجام دیا۔روانی اس قدر ہے کہ کسی جگہ بھی یہ احساس نہیں ہوتا کہ یہ کتاب کا ترجمہ ہے۔

وصایا کے موضوعات میں تنوع ہے، عقائد سے لے کر عبادات تک اور وہ مسائل بھی جن سے آج کی انسانیت پریشان ہے اور انسان خود کو تناؤ میں مبتلا محسوس کرتا ہے مثلاً قرض داری، رزق میں کمی وغیرہ، ان سب امراض کا نبوی علاج بھی کتاب میں بتایا گیا ہے۔ الغرض یہ کتاب رب کے ساتھ بندے کا تعلق جوڑتی ہے،بندے کو اپنے پروردگار کے ساتھ سرگوشی سکھاتی ہے، بندہ کو رب چاہی زندگی گزارنے کا راستہ دکھاتی ہے۔

کتاب اور فائدہ مند ہوتی اگر حواشی کا بھی اہتمام ہوتا، عزیزی مجاہد شبیر صاحب سے گزارش ہے کہ کتاب کے اگلے ایڈیشن میں ہر وصیت کی مختصر تشریح ہو تاکہ دعوت کا کام کرنے والوں کو بھرپور فائدہ ملے۔ اس سے پہلے برادر نے کچھ احادیث کی تشریح بہت ہی عمدہ طریقہ سے کی ہے جس سے ہزاروں داعیان نے فائدہ اٹھایا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی گزارش ہے کہ شیخ حمزہ کا مختصر تعارف بھی آئندہ ایڈیشن میں پیش کردیں۔ مذکورہ کتاب کو جلد ہی خرید لیں، کیونکہ یہ زادراہ ہے اور اس زاد راہ کی آپ کو بار بار ضرورت پیش آئے گی۔

Comments

سہیل بشیر کار

سہیل بشیر کار

سہیل بشیر کار بارہ مولہ جموں و کشمیر سے ہیں، ایگریکلچر میں پوسٹ گریجویشن کی ہے، دور طالب علمی سے علم اور سماج کی خدمت میں دلچسپی ہے۔ پبلشنگ ہاؤس چلاتے ہیں جس سے دو درجن سے زائد کتابیں شائع ہوئی ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں