دیتے ہیں دھوکا یہ بازیگر کھلا - ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

ایسے پیغامات دراصل آپ سے ایک فارم فل کروانے کے لیے ہیں جہاں آپ انعام جیتنے کی خوشی میں فارم پر ان کی مطلوبہ معلومات لکھتے چلے جائیں گے. مثال کے طور پر بینک کا نام، اکاؤنٹ کا نمبر، ای میل ایڈریس، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کے نمبرز. مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے بعد آپ منتظر ہوں گے کہ آپ کی لاٹری کی انعامی رقم اب آپ کے اکاؤنٹ میں شفٹ ہوتی ہے کہ تب.

خیالی پلاؤ پکنا شروع ہو جاتا ہے. بنگلہ، گاڑی، ورلڈ ٹور،گرل فرینڈ یا بیگم کو متاثر کیسے کرنا ہے؟ سسرال والوں سے کتنا رابطہ رکھنا ہے؟ اور کتنے فاصلے سے ملنا ہے؟ دنیا کے کون کون سے مشہور مقامات آپ کی قدم بوسی کے منتظر ہیں؟ حج اور عمرہ بھی آپ لسٹ میں ایڈ کر لیتے ہیں، والدین کے ساتھ ساتھ ساس سسر کو بھی عمرہ کروانے کا سوچتے ہیں. اپنے سخت گیر باس کو چھوڑ اور نوکری کو ٹھوکر مار کر اپنا ذاتی امپورٹ ایکسپورٹ کا بزنس بھی اسٹیبلش کر لیتے ہیں. بلکہ ایکس باس کو نوکری پر رکھنے کا بھی سوچ لیتے ہیں. اب ہی تو بدلے لینے کا وقت آیا ہے. بچے محلے کے انگریزی میڈیم اسکول سے انٹرنیشنل چین آف اسکولز کی پوش برانچ میں ہینڈسم ڈونیشن دے کر داخل کروا دیتے ہیں. بڑے بیٹے کو اعلی تعلیم کے لیے باہر کی یونیورسٹی میں بھیجنے کا سوچتے ہیں.

بیگم کا خیال آتا ہے تو اسے سونے کا سیٹ دلوانے کا سوچتے ہیں. اچھی ہے بےچاری بہت، ساتھ دیا ہے میرا، اب میرا بھی کچھ فرض ہے اس کے لیے کچھ کرنے کا. چھوٹے بھائی اور سالے کو بھی کچھ ادھار دینے کا ارادہ کرتے ہیں. خیالی پلاؤ کو ابھی دم پر رکھتے ہیں کہ خیال آتا ہے بینک سے میسج آ گیا ہوگا. اکاؤنٹ کی نئی تفصیل اور اپنے کیے حساب کتاب کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے نئے موٹے تازے بینک بیلنس کی تفصیل جاننے کے لیے جب آپ موبائل چیک کرتے ہیں یا بینک فون کرتے ہیں تو آپ کو پتا چلتا ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ سے تمام رقم نکال لی گئی ہے. کریدٹ کارڈ کی آخری حد تک بینک سے قرض بھی لیا جا چکا ہے. خیالی پلاؤ کے دم آنے سے پہلے ہی جلنے کی بدبو آپ کے حواس پر حملہ آور ہوتی ہے، اور آپ کو سمجھ میں آتا ہے کہ کوئی کاریگر آپ کو ''سجی'' دکھا کر '' کھبی'' مار گیا ہے.

اب آپ دل کو روئیں یا جگرکو پیٹیں. بینک کے نظام کے مطابق آپ کی فراہم کردہ تفصیلات کے عین مطابق بغیر کسی ہیر پھیر کے پیسے نکلوائے گئے ہیں، اور اس کو نکلوانے والے آپ خود ہیں. اب آپ پولیس کو رپورٹ کیجیے اور اپنے جلے ہوئے خیالی پلاؤ کا پتیلا اٹھا کر باہر گلی میں پھینک دیجیے. اگر باس کو استعفی نہیں بھجوایا تھا تو خدا کا شکر ادا کیجیے. بیگم بےچاری اب بھی اچھی ہی ہے، آپ کا ساتھ دیتی رہے گی، خیالی گرل فرینڈ سے معذرت کرکے پھر کبھی پر ٹال دیجیے. بچوں کو خود گھر پر پڑھائیے. محلے کے انگریزی میڈیم اسکول میں بھی اچھا رزلٹ دینے لگیں گے. چھوٹے بھائی اور سالے کو ان کے اپنے حصے کا کنواں خود کھودنے دیں. ورلڈ ٹور کی خیر ہے جانے دیں. حج اور عمرہ ویسے بھی صاحب استطاعت پر فرض ہے، ان شاءاللہ اس کا وقت بھی آئے گا. امید رکھیں. فی الحال اپنے والدین کو آپ اور بیگم کے والدین کو بیگم دل کی گہرائی سے محبت اور مسکراہٹ سے دیکھیں. آپ کو مقبول حج کا ثواب گھر بیٹھے نصیب ہو جائے گا. ان شاءاللہ.

بہتر یہ ہے کہ ایسے میسج کرنے والے ستم ظریف کا فون نمبر بی ایم ڈبلیو یا مرسڈیز کار کی تصویر کے ساتھ فیس بک پر اپ لوڈ کر دیجیے اور کار کی قیمت دس بارہ لاکھ سے زیادہ نہ لکھیں. اب یہ نمبر والے صاحب جانیں اورگاڑی خریدنے والے خواہش مند. آپ نے جیسے کو تیسا جواب دے دیا. تصویر میں فون نمبر واضح ہے اور یہ محترم اپنا آئی فون 7 دس ہزار روپے میں بیچنا چاہتے ہیں تو پھر ہے کوئی خریدار.

Comments

ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

دل میں جملوں کی صورت مجسم ہونے والے خیالات کو قرطاس پر اتارنا اگر شاعری ہے تو رابعہ خرم شاعرہ ہیں، اگر زندگی میں رنگ بھرنا آرٹ ہے تو آرٹسٹ ہیں۔ سلسلہ روزگار مسیحائی ہے. ڈاکٹر ہونے کے باوجود فطرت کا مشاہدہ تیز ہے، قلم شعر و نثر سے پورا پورا انصاف کرتا ہے-

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

  • جب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع ہو چکا ہے تو ان 03492487261انجان نمبر وں نے جینا حرام کیا ہے. اپ کو میسج آتاہے ''بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 27031 روپے مبارک ہو مزید معلومات کیلئے اس نمبر03136039932پرکال کریں''
    جب آپ کال کریں تو آپکو آپنے ایزی پیسی اکاونٹ سے پیسے بهیجنے کیلئے کہے گا پیسے بهیجتے ہی وہ اپکی کال بهی نہیں اٹهائےگا. میں ان لوگوں کو اکثر یہی جواب دیتا ہو بهائی ادهے مجهے بهیجو ادهے اپ خود رکهو.