سیکولرازم: چلیں ڈکشنری بھی دیکھ لیتے ہیں - وسیم گل

زعم علمیت کسی بھی صورت زعم صالحیت سے کم خطرناک نہیں کہ پھر جستجوئے علم اور تلاش حق مرے نہ بھی تو دب ضرور جاتی ہے.

پاکستان میں موجود لبرل و سیکولر طبقہ بالعموم اسی زعم علمیت کا شکار ہے. یہ سمجھتا ہے کہ دنیا جہاں کی عقل اور علم انھی کے حصے میں آیا ہے جبکہ باقی ساری دنیا کے انسان' بالخصوص مسلمان تو بالکل ہی جاہل و ان پڑھ ہیں اور دقیانوسی سوچ کے حامل ہیں. اپنے اسی زعم کے تحت یہ مغرب کے کچرا خانے (Dustbin) سے کوئی چیز اٹھاتے ہیں، اسے اپنے کپڑوں سے جھاڑتے پونچھتے اور پھر آنکھوں کے ساتھ بطور تبرک لگاتے ہیں. اسی پر بس نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر ان کی شدید خواہش یہ بھی ہوتی ہے کہ باقی لوگ بھی انھی کی طرح اس کچرا خانے کا رخ کریں اور لازمی تبرک حاصل کریں. ظاہر ہے کہ اب ہر کوئی ان کی طرح کا پست فکر تو نہیں ہوتا کہ آنکھیں بند کر کے زور آور تہذیب کے آگے ڈھیر ہو جائے، لہذا جب لوگ ان کی بات نہیں سنتے اور پستی کی دعوت کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں تو پھر یہی لبرل سیکولر طبقہ پوری قوت سے ان پر حملہ آور ہوتا ہے. ان پر ان پڑھ ہونے کی پھبتیاں کستا اور ملک اور بیرون ملک سے میسر وسائل و طاقت کے استمعال کے زریعے ان پر ذہنی تشدد کرتا ہے. ریاستی اداروں کی سرپرستی حاصل ہونے کے باوجود ابھی چونکہ انہیں معاشرے میں عام پزیرائی اور مکمل طاقت حاصل نہیں ہو سکی لہٰذا یہ ابھی صرف مسلسل پروپیگنڈا کے ذریعے صرف مسلمانوں پر ذہنی تشدد تک ہی محدود ہیں.

حالیہ دنوں میں اس طبقے نے تسلسل کے ساتھ سیکولرازم کو اس کے اصل معنی یعنی "لادینیت" کے بجائے "رواداری" کے ملمع میں پیش کرنے کی کوشش کی اور مسلمانوں کو یہ کہتے ہوئے ایک بار پھر طعنوں کی زد پر لے لیا کہ:
"کبھی ڈکشنری میں ہی سیکولرازم کے معنی دیکھ لیا کریں"

یہ بھی پڑھیں:   "مذہب تو موروثی چیز ہے"؛ تو پھر کیا ہوا؟ محمد زاہد صدیق مغل

ملک کی اس واحد پڑھی لکھی مخلوق کی اس نصیحت کو مجھ جیسا طالب علم بھلا کیسے نظر انداز کر سکتا تھا، سو میں نے کئی ڈکشنریوں سے رجوع کیا، وہاں سیکولرازم کا جو معنی ملا، وہ آپ کی خدمت میں پیش ہے.

1- کیمبرج ڈکشنری میں سیکولرازم یہ لکھا ہے:
the belief that religion should not be involved with the ordinary social and political activities of a country
(ایسا اعتقاد جس کے مطابق سماجی یا سیاسی زندگی سے مذہب کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں)
http://dictionary.cambridge.org/dictionary/english/secularism

2- کولنز ڈکشنری میں سیکولرازم کا معنی:
Secularism is a system of social organization and education where religion is not allowed to play a part in civil affairs.
(سیکولرازم ایک ایسا نظام ہے جس میں سماجی و تعلیمی معاملات میں مذہب کوئی کردار ادا نہیں کرنے دیا جاتا)
https://www.collinsdictionary.com/dictionary/english/secularism

3- میریم ویبسٹر ڈکشنری میں سیکولر ازم کا معنی بھی دیکھ لیں:
indifference to or rejection or exclusion of religion and religious considerations
(مذہب سے بے نیازی، مذہب کا رد یا مذہب و مذہبی مسلمات سے دوری)
https://www.merriam-webster.com/dictionary/secularism

فی الحال ان ڈکشنریوں میں اس لفظ "سیکولرازم" کی تشریح پر ہی اکتفا کرتا ہوں. اگر پاکستان کی واحد پڑھی لکھی مخلوق کی تسلی نہ ہو سکے تو یہ طالب علم اس نظریہ کے موجد جارج ہولیوک، اس کے بیولوجیکل اور ذہنی پس منظر، اس نظریہ کا مکمل جائزہ پیش کر دے گا (گو یہ کام شرق و غرب میں وسیع) پیمانے پر ہوا، اب تک ہو رہا ہے اور جس نے اس نظریہ کے تاروپود بکھیر کر رکھ دیے ہیں-

Comments

وسیم گل

وسیم گل

وسیم گل چین میں شعبہ اتصالات سے وابستہ ہیں اور ایریکسن کمپنی کی مختلف اسائنمنٹس کے سلسلے میں دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ دلیل کے مستقل لکھاری ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں