کراچی کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کا امکان

کراچی: شہر قائد کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس وقت شہر میں ہوا بند اور نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن، بالائی فاٹا اورگلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 5 روز سے شہرقائد میں شدید گرمی نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے تاہم گزشتہ روز سے گرمی کی شدت میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔