ترکی کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف

انقرہ: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ترک صدر طیب اردگان اور وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف آج ایک روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردگان، وزیراعظم بن علی یلدرم اور اپنے ترک ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں افغانستان اور مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم اور باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کے دوران ترک وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم کرنا چاہئیے جب کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لئے ترکی پاکستان کی تجویزکی حمایت کرتا ہے۔ ترک وزیراعظم نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھیجا۔

واضح رہے امریکی صدر کی جنوبی ایشیا کی لیے پالیسی بیان میں پاکستان پر دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے کے الزام کے بعد وزیرخارجہ خواجہ آصف نے احتجاجاً دورہ امریکا منسوخ کرتے ہوئے ایران اور چین کا دورہ کر کے اپنے دوست ممالک کو اعتماد میں لیا اور اسی سلسلے میں وہ اب ترکی میں موجود ہیں جب کہ وہ روس جا کر وہاں کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیں گے۔