پیپلز پارٹی نے بھی کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج کردی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور این اے 120 سے امیدوار فیصل میر نے کلثوم کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

فیصل میر نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ریٹرنگ آفیسر نے کلثوم نواز کے اقامہ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دیا، انہوں نے کلثوم نواز کے نواز شریف کے زیر کفالت ہونے کے بارے میں اعتراض کو نظر انداز کر دیا اور حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کئے، اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار نے بھی گزشتہ روز ہائی کورٹ میں کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔