شکریہ پاکستان - ممتاز شیریں

سال کے تمام مہینوں کا اپنا رنگ و روپ ہے مگر جیسے ہی اگست آتا ہے دل و روح کے اندر ایک نئی توانائی انگڑائی لے کر بیدار ہو جاتی ہے۔ جسم و جاں کے اندر نیا ولولہ و نیا جوش و خروش پیدا ہوجاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی بہت اپنا برسوں بعد ملنے آگیا ہو، ایسا لگتا ہے جیسے بچھڑا جگری دوست مل گیا ہو، جیسے کوئی خوشگوار یاد اچانک سے ہونٹوں پر مسکان بکھیر گئی ہو، کیونکہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں میرا دیس آزاد ہوا تھا میرا پیارا، میرا اپنا، میرا پاکستان!

مولانا طارق جمیل صاحب کہتے ہیں کہ دنیا میں دو ریاستیں 1400 سال کی تاریخ میں اسلام کے نام پر بنائی گئیں ایک پہلی صدی میں مدینہ منورہ دوسری چودھویں صدی میں پاکستان!

پاکستان اتفاق سے نہیں بنا، یہ انتخاب سے چنا گیا ہے، یہ اللہ کا انتخاب تھا۔ کتنا بڑا اللہ نے کرم کیا کہ ہمیں جغرافیائی لحاظ سے خوبصورت خطہ ارض دیا۔ پاکستان پہلا اور واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت بنا، اس کی میزائل ٹیکنالوجی دنیا کی بہترین ٹیکنالوجیوں میں شمار ہوتی ہے، پاکستان کے پاس دنیا کی چوتھی بڑی فوجی طاقت موجود ہے۔ یہ ایک معجزاتی ملک ہے یہاں کے لوگ ایسے ایسے کارنامے سر انجام دے جاتے ہیں کہ سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ میں کیوں نہ ایسے ملک سے محبت کروں؟ میں کیوں نہ ایسے ملک پر فخر کروں جہاں " ایم ایم عالم" جیسے پائلٹ نے ایک پرانے لڑاکا جہاز سے صرف ایک منٹ میں دشمنوں کے پانچ طیارے گرا کر ہوائی جنگ کی تاریخ میں نہ ٹوٹنے والا ریکارڈ بنا یا؟ جہاں 9 سالہ "ارفع کریم" دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سوفٹ کمپیوٹر انجینئر کے طور پر ابھرتی ہے۔ جہاں نابیناؤں کی کرکٹ ٹیم ایک نہیں دو دو ورلڈ کپ جیت جاتی ہے۔ جہاں ایک برس میں 21 مضامین میں اے لیول لینے والا "علی معین نوازش" عالمی ریکارڈ قائم کر دیتا ہے، جہاں "ولید امجد ملک" اقوام متحدہ سے انسانی حقوق پر مضمون نویسی کے عالمی مقابلے میں اول نمبر پر آجاتا ہے، جہاں کی "نمرہ سلیم "انٹارکٹیکا پر قدم جما دے، جہاں کی "شکریہ خانم" جہاز اڑانے لگ جائے، جہاں کا "ہاشم خان" اسکواش میں جھنڈے گاڑ دے اور پھر اگلے 52 برس تک اس کا خاندان یہ جھنڈا گرنے نہ دے، جہاں کی" نسیم حمید " جنوبی ایشیا کی تیز ترین لڑکی" قرار پائے اور جہاں کا "اسد جمال" فوربس میگزین کی ٹاپ 100 گلوبل !وینچر کیپٹلسٹ لسٹ میں آٹھویں نمبر پر آجائے

یہ میرا وطن ہے، میرا فخر، میری پہچان، میرا پاکستان!

مٹی کے تعویذ بنا کے

نام وطن کا گلے لگا کے

ہر مشکل سے ہاتھ چھڑا کے

بس اتنا کہنے آئے ہیں

شکریہ پاکستان

شکریہ پاکستان!

error: اس صفحے کو شیئر کیجیے!