نوازشریف کی ریلی جہلم سے لاہورکی جانب رواں دواں

جہلم / لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی تیسرے دن جہلم سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ شام نوازشریف کا قافلہ راولپنڈی سے جہلم پہنچا تھا جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا اور رات وہیں ایک ہوٹل میں قیام کیا تھا۔ ریلی آج اپنے آخری مرحلے میں جی ٹی روڈ سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔

نوازشریف کی سیکیورٹی کے لیے سرائے عالمگیر سے گجرات تک جی ٹی روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ایلیٹ فورس کی 16 گاڑیاں نوازشریف کو سکیورٹی فراہم کررہی ہیں۔

سرائے عالمگیر پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نواز شریف کا بھرپور انداز میں استقبال کیا، ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں تاہم سابق وزیر اعظم کا قافلہ سرائے عالمگیر میں قیام کے بجائے کھاریاں پہنچا لیکن وہ وہاں بھی رکے بغیر گجرات کی جانب روانہ ہوگیا۔

وزیر دفاع خرم جہانگیر کا کہنا ہے کہ نوازشریف گجرات میں مختصر قیام کریں گے، اس دوران وہ وہاں نماز جمعہ ادا کریں گے، جس کے بعد وہ گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ آج رات قیام کریں گے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کے سابق میئر بابو جاوید کے گھر میں میاں نواز شریف کو ٹھہرانے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں، میاں نواز شریف کے لئے ڈائننگ ہال اور آرام کے لیے خصوصی کمرہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نوازشریف بدھ کو ریلی کی شکل میں بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے تاہم بدھ کی رات انہوں نے راولپنڈی جب کہ گزشتہ رات جہلم میں گزاری ہے۔