شریف خاندان نےجےآئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات سپریم کورٹ میں جمع کرادیئے

اسلام آباد: شریف خاندان نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی کی رپورٹ پر اپنے اعتراضات سپریم کورٹ میں جمع کرادیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت سے قبل شریف خاندان نے جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے اعتراضات جمع کرادیئے۔ جس میں شریف خاندان نے موقف اختیار کیا ہے کہ جےآئی ٹی کوعدالت نے 13 سوالات کی تحقیقات کاحکم دیا تھا لیکن جے آئی ٹی نے مینڈیٹ سے تجاوز کیا، جےآئی ٹی جانبدار تھی اور اس نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ اس لیے عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ ہماری درخواست منظور کرتے ہوئے رپورٹ کو مستردکیا جائے۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔ 10 جلدوں پر مشتمل اس رپورٹ میں نواز شریف سمیت شریف خاندان پر کئی الزامات اور اس سے متعلق شواہد سامنے لائے گئے ہیں۔