چاند رات اور عید الفطر کی سنتیں - ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی

عید الفطر انعام کی رات ہے۔ اس رات اللہ کی عبادت کرنا نبی کریم ﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا جو شخص اس رات کو عبادت سے زندہ کرے گا، اللہ رب العزت اس کے دل کو اس دن زندہ رکھے گا جب لوگوں کے دل مردہ ہو جائیں گے۔ عمومی طورپر اس رات کو ہم لہو و لعب میں بسر کرتے ہیں اور بعض لوگ یہ بھی گمان کرتے ہیں کہ شاید اس رات سے تمام محرمات حلال ہو جاتے ہیں۔ یہ اجرت کی رات ہے۔ کوشش کیجیے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں اس رات کو بسر کریں۔

عید الفطر کے معمولات :
1۔ نماز عید سے قبل صدقہ فطر ادا کریں۔ اگر کسی نے صدقہ فطر نماز عید سے قبل ادا نہ کیا تو ساقط نہ ہو گا، اسے چاہیے کہ نماز کے بعد ادا کر دے۔ صدقہ فطر کی رقم فی کس 100 روپے ہے۔

2۔ نماز سے قبل میٹھا کھانا یا یا طاق عدد میں کھجور تناول کرنا، جیسا کہ حدیث شریف میں ہے:
كَانَ عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ لَا يَغْدُو يَوْمَ الْفِطْرِ حَتَّى يَأْكُلَ تَمَرَاتٍ وَيَأْكُلُهُنَّ وِتْرًا

3۔ غسل کرنا
4۔ مسواک کرنا۔
5۔ نیا یا صاف ستھرا لباس پہننا
6۔ خوشبو لگانا
7۔ ناخن و غیر ضروری بال کاٹنا
8۔ عید الفطر کی نماز ادا کرنا
9۔خطبہ سننا
10۔ نماز کے لیے جاتے ہوئے راستے میں تکبیرات پڑھنا جیسا کہ اللہ نے فرمایا: وَلِتُكْمِلُوا الْعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُوا اللَّهَ عَلَى مَا هَدَاكُمْ

تکبیرات اس طرح پڑھی جائیں :
اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ لَا إلَهَ إلَّا اللَّهُ وَاَللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ وَلِلَّهِ الْحَمْدُ

11۔ نماز عید سے قبل نفل ادا نہ کرنا اور نماز کے بعد عید گاہ میں بھی نفل ادا نہ کیے جائیں۔

12۔ جاتے اور آتے ہوئے راستہ تبدیل کرنا

13۔ نماز کے لئے پیدل جانا اگر عید گاہ دور ہو تو سواری میں بھی جایا جا سکتا ہے ۔

14۔ عید کے دن روزہ نہ رکھا جائے۔

15۔ نماز کے بعد ایک دوسرے سے ملاقات کی جائے اور نبی کریم ﷺ و صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا طریقہ یہ ہے کہ ایک دوسرے سے ملتے تو اس طرح کہتے تھے:
تَقَبَّلَ اللَّهُ مِنَّا وَمِنْكَ

Comments

ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی

ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی

ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی شعبہ علوم اسلامیہ، جامعہ کراچی میں اسسٹنٹ پروفیسر اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلز پر اسلام کے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ علوم دینیہ کے علاوہ تقابل ادیان، نظریہ پاکستان اور حالات حاضرہ دلچسپی کے موضوعات ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.