شاباش ٹیم پاکستان شاباش - عابد عنایت

میں نے ایک عرصہ ہوا کرکٹ دیکھنا چھوڑ دیا تھا۔ مگر یہ میچ نہ دیکھنے کا تو سوال ہی پیدا نہ ہوتا تھا۔ جذبات و احساسات اس قدر شدید تھے کہ میچ سے ایک روز پہلے رات بھر نیند ہی نہ آئی اور ساری رات جاگ کر اگلے دن کا کچھ حصہ بھی میچ کے شروع ہونے تک مسلسل جاگتے ہوئے ہی گزارا۔ جب سے پاکستان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تھی تمام دوستوں کے ساتھ گفتگو کا ایک ہی عنوان تھا پاکستان اور اس کی فتح۔ ہم سب کی خواہش تھی کہ انڈیا فائنل میں آئے اور پاکستان اسے تاریخی شکست سے دوچار کرے، اور اللہ کے حکم سے ایسا ہی ہوا۔ میں نے تو جذبات میں اپنے دوستوں کو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ پاکستان ساڑھے تین سو رنز کرے گا اور انڈیا کو 200 سے پہلے آل آؤٹ کردے گا اور بار بار دوستوں سے یہی کہا کہ میری چھٹی حس کہہ رہی ہے کہ ان شاء اللہ پاکستان ہی جیتے گا اور بڑے مارجن سے جیتے گا اور اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ویسا ہی ہوا۔

کیا تاریخی اور شاندار کامیابی تھی یہ؟ کیا ہوتا ہے کرکٹ کھیلنا، کیا ہوتی ہے ٹیم اور کیا ہوتا ہے ٹیم ورک؟ وہ ٹیم پاکستان نے دکھا دیا۔ یعنی وہ لڑکے جو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے نہ تین میں تھے اور نہ تیرہ میں، انہوں نے اپنی محنت،خالص لگن، جانفشانی، یکسوئی اور اہلیت سے دنیا کی ورلڈ کلاس ٹیموں کو آؤٹ کلاس کیا اور پھر اسی جوش جذبے سے دنیا کی تباہ کن بیٹنگ لائن اَپ کو فائنل میں تباہ برباد کردیا۔ یہی نہیں بلکہ پاکستان نے خود سے کئی گنا مضبوط ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے فائنل میں ہرایا، اس پر داد و تحسین بھی تاریخی بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی20 بارش کے باعث منسوخ

یہ سب نتیجہ تھا مجموعی ٹیم ورک، محنت، کارکردگی اور جوش و جذبے کے ساتھ خلوصِ نیت اور حقیقی ٹیم اسپرٹ کا۔ساری قوم کو یہ کامیابی مبارک ہو، جو تاریخی اور یادگار تھی اور صدیوں یاد رکھی جائے گی۔

اب مستقبل پاکستان کرکٹ کے سامنے ہے۔ نو آموز اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی مدد سے کرکٹ ٹیم کو ایک مضبوط یونٹ بنایا جائے۔ یہ کامیابی ان کے مورال کو بلند کرے گی اور ایسا بوسٹ دے گی جس سے یہ کھلاڑی بھرپور کارکردگی دکھاتے نظر آئيں گے، ان شاء اللہ۔ شاباش ٹیم پاکستان شاباش!