بلندی خوابوں سے نہیں ممکن - ریاض علی خٹک

راک کلائمبر صرف ایک نظر اوپر دیکھتا ہے. منزل کو خواب بناتا ہے. ہاتھوں کو پاؤڈر میں بھگو کر، تاکہ خشک رہیں، اپنی پہلی درز میں انگلیاں پھنسا دیتا ہے. اب خواب کی تکمیل کا سفر شروع ہوجاتا ہے. ساری توانائی ذہن کی کامل قوت اپنی جگہ پر توازن بنا کر دوسری درز تک کی منصوبہ بندی پر صرف کرتا ہے.

کتنا آسان لگتا ہے یہ لفظوں میں. لیکن یہ آسان بالکل بھی نہیں. اس کے پیچھے سالوں کی مشقت ہوتی ہے. جس میں جسم کو اس امتحان کے لیے تیار کیا جاتا ہے. مہارت ہوتی ہے جو جسم کو بے ہنگم جوڑوں میں آڑھا ترچھا متوازن رکھتی ہے. اپنے آپ پر یقین بنایا جاتا ہے. آس پاس کی سیکڑوں نظروں سے صرف نظر کرنا سیکھنا ہوتا ہے، جو گرنے پر تماشا بنا سکتے ہیں، اور منزل پر تالیاں.

اسی چٹان کی تہہ سے بہت سی پگڈنڈیاں نکلی ہوتی ہیں. واپس جانے کے راستے، چٹان کے ساتھ دور سے گھوم کر اس کی چوٹی تک پہنچنے کے راستے. کچھ لوگ یہ راستے چنتے ہیں، محفوظ اور آزمودہ. لیکن بہت لمبے سفر والے کچھ مہم جو ہوتے ہیں. وہ سیدھا اوپر چڑھنا چاہتے ہیں. راک کلائمبر مہم جو ہوتا ہے.

اس کا سفر شروع کرنا آسان ہوتا ہے، لیکن جیسے جیسے بلندی بڑھتی جاتی ہے. توانائی سکڑتی اور گرنے کا رسک زیادہ جان لیوا ہوتا چلا جاتا ہے. ایک وقت آتا ہے کہ منزل کے قریب کچھ فاصلے پر انسانی بدن جواب دے جاتا ہے. تب وہ مقام آتا ہے جب یہ مہم جو منزل کو دیکھنا شروع کرتا ہے. اب ہر دوسرا قدم منزل کا فاصلہ اور خواب کی محبت سے توانائی لینا شروع کردیتا ہے.

ایسی ہی کچھ زندگی ہے. ہم میں سے ہر فرد منفرد بننا چاہتا ہے. لیکن انفرادیت کے تقاضے بہت سخت ہوتے ہیں. اس کی مشقت بہت زیادہ ہوتی ہے. اس کے خواب بہت خالص ہوتے ہیں. اس کا رسک بہت، اور ہاں اس کی تکمیل کا اطمینان بھی بہت اعلی ہوتا ہے. یہ صبر و ہمت کا پھل ہے.

اے میرے انفرادیت پسند دوست، کل جب طویل راستوں سے منزل پر پہنچنے والے دوستوں کا استقبال مسکراہٹ کے سنگھاسن پر بیٹھ کر بلندی پر پہلے پہنچ کر کرنے کی چاہ اگر رکھتے ہو، تو یہ صرف خوابوں سے نہیں ممکن. یہ آج سے اس سفر کی تیاری پر ممکن ہے. مہارت بنانے پر ممکن ہے.

Comments

ریاض علی خٹک

ریاض علی خٹک

ریاض علی خٹک خیبر پختونخوا کے کوہساروں سے روزی روٹی کی مشقت پر سندھ کے میدانوں میں سرگرداں, تعلیم کیمسٹ کی ہے. تحریر دعوت ہے.

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.