خالی برتن - تزمین طالیہ

آپ کھانے کی میز پر آئے ہیں ، برتن خوب سجے ہیں ، نازک نازک نفیس نفیس سے برتن ۔ آپ بھوک سے بےتاب ہیں لیکن یہ کیا؟ ڈونگا بھی خالی ہے ، ڈش بھی خالی ، گلاس میں پانی ہے نہ ہاٹ پاٹ میں روٹی۔ کیا آپ اپنی بھوک محض خوبصورت کراکری سے مٹا سکتے ہیں ؟؟

نہیں بالکل نہیں!!

ذرا دیر کو دوسری طرف نظر کرتے ہیں۔ آرام دہ پرسکون زندگی آپ کی جدوجہد کا مرکز ہے۔ آپ آٹھ، آٹھ ؛ دس، دس اور کبھی بارہ، بارہ گھنٹے کام کرتے ہیں۔ آپ کی محنت ضائع نہیں جاتی۔ آپ اچھا پہنتے اور اچھا کھاتے ہیں۔ نرم بستر پر میٹھی نیند سوتے ہیں۔ ہر سال بچوں کو سیر پر لے جاتے ہیں۔ سردیوں میں آپ کے گھر گرم پانی آتا ہے اور گرمیوں میں فرش ٹھنڈا ہوتا ہے۔ آپ کے ہر بچے کے پاس لیپ ٹاپ اور موبائل ہے۔ بچوں کے ہر سالانہ امتحان میں آپ کا سر فخر سے اونچا ہوتا ہے۔ آپ واقعتاً قابلِ رشک زندگی گزار رہے ہیں۔

لیکن ذرا ٹھہرئیے !!

آپ کے سفید بغیر سلوٹ کے لباس کے اندر چھپا دل میلا نظر آ رہا ہے۔ جھوٹ نے جالے لگا رکھے ہیں۔ حسد نے آگ لگا رکھی ہے۔ یہ دل غربا پر حقارت کرتا ہے۔ امراء کی چوکھٹ پہ سجدہ کرتا ہے۔ کبھی مسکراہٹ آپ کے لبوں سے اتر کر دل تک نہیں پہنچی۔ اس دل میں ضمیر کی ٹوٹی پھوٹی قبر بھی دکھائی دے رہی ہے۔ یہ دل شاپنگ مالز پہ دھڑا دھڑ پیسہ لٹاتا ہے اور ضرورت مندوں کے لیے سوئی کے ناکے جتنا تنگ ہو جاتا ہے۔ یہ دل ، دل نہیں بنجر زمیں ہے جس میں کوئی فصل گل نظر نہیں آتی۔

ذرا سوچئے !!

آپ نے برتن خوب سجا لئے ہیں لیکن روح کی بھوک کا سامان نہیں کیا !! آپ "راہیں" ہموار کرتے کرتے بھول گئے کہ آپ کو "منزل" پہ بھی پہنچنا تھا۔ دنیا کی نمود و نمائش نے آپ کو دھوکے میں ڈال دیا۔ چھلکے اکٹھے کرتے کرتے آپ مغز کو بھلا گئے۔ کس کام کا وہ دل ہے جو خود آپ کے اپنے کام نہ آ سکے۔ آسائش کی دوڑ میں ایسی جدوجہد جو خالق سے غافل کر دے ؛ آپ کی عبادات کو تھکا دے ؛ کسی کام کی نہ ہو گی۔

برتن سجانے سے پہلے دیکھ لیں آپ کے پاس نان کباب اور پانی ہے یا نہیں ؟

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com