فیصلہ …… سو لفظوں کی کہانی- مبشر علی زیدی

’’ہاؤزیٹ؟‘‘
فاسٹ بولر نے زور دار اپیل کی۔
فیلڈرز نے بھرپور ساتھ دیا۔
تماشائیوں نے غل مچایا۔
دونوں امپائر مشورہ کرنے کے لئےجمع ہوئے۔
تھرڈ امپائر سے بھی رابطہ کیا۔
’’بولر کو بار بار اپیل کرنے کی عادت ہے۔‘‘
لیگ امپائر نے رائے دی۔
’’بیٹسمین ضدی ہے،
آؤٹ ہو کر پویلین جانے کو راضی نہیں ہوتا۔‘‘
تھرڈ امپائر نے تبصرہ کیا۔
’’فی الحال یہ فیصلہ کریں،
اس گیند پر آؤٹ ہے یا نہیں؟‘‘
سینئر امپائر نے کہا۔
تینوں نے اپنے دلائل دیئے۔
آخر امپائر نے فیصلہ سنایا،
’’ناٹ آؤٹ!
کیوں کہ شک کا فائدہ ہمیشہ بیٹسمین کو ملتا ہے۔‘‘