نیکی کیجیے دعا لیجیے - بشارت حمید

کئی بار جب ہم اپنی گاڑی پر سفر کر رہے ہوں تو رستے میں یہ منظر اکثر احباب نے دیکھا ہوگا کہ کوئی موٹر سائیکل سوار اپنی فیملی کے ساتھ سڑک کی ایک طرف موٹر سائیکل کو لٹا کر پٹرول کو ٹینکی کی ایک سائیڈ سے دوسری سائیڈ کی طرف منتقل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ شاید اس نے جلدی میں نکلتے وقت پٹرول لیول چیک نہ کیا ہو یا پھر اس کے گھر کے قریب پٹرول ملتا ہی نہ ہو اور اب راستے میں ختم کر کے پریشان حال کھڑا دائیں بائیں دیکھ رہا ہے۔ اس صورت حال میں نزدیکی پمپ تک اسے بند موٹر سائیکل کھینچ کر لے جانے پڑے گی اور ساتھ فیملی کو بھی پیدل چلنا پڑے گا۔

اس پریشانی کے عالم میں اس طرح کے لوگوں کی مدد کے لیے ہم گاڑی والے یہ کر سکتے ہیں کہ ڈگی میں دو تین لٹر پٹرول کسی بوتل میں لے کر رکھ لیں اور جہاں کہیں ایسا منظر دیکھیں فورا بریک لگائیں اور بوتل سے آدھا لٹر پٹرول اس موٹرسائیکل کی ٹینکی میں ڈال دیں تاکہ وہ قریبی پمپ تک آسانی سے پہنچ سکے۔ یقین مانیں یہ بہت معمولی سی آسانی ہمیں اس بندے کے دل سے نکلی دعا کا مستحق بنا دے گی۔

یہ صرف ایک مثال ہے۔ اگر ہم دوسروں کے لیے آسانیاں بانٹنے کا ارادہ کریں تو بہت سارے طریقے ہمیں خود بخود نظر آنے لگیں گے اصل بات ارادے اور نیت کی ہے۔

اہم اکثر اپنےدوست احباب سے کہتے ہیں کہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا۔ شاید اس طرح کوئی یاد رکھ بھی لیتا ہو لیکن اکثر لوگ بھول جاتے ہیں۔ کسی کے ساتھ کی گئی چھوٹی سی بے لوث نیکی ہمیں اس دعا کا مستحق بنا دے گی جو بنا کہے کوئی ہمارے لیے کرے گا اور یقینا وہ دعا اللہ کی بارگاہ میں مقبول ہوگی۔ اللہ ہم سب کو آسانیاں بانٹنے والا بنا دے۔ آمین

Comments

بشارت حمید

بشارت حمید

بشارت حمید کا تعلق فیصل آباد سے ہے. بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی . 11 سال سے زائد عرصہ ٹیلی کام شعبے سے منسلک رہے. روزمرہ زندگی کے موضوعات پر دینی فکر کے تحت تحریر کے ذریعے مثبت سوچ پیدا کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.