پی ایس ایل فائنل کے بعد - عاطف الیاس

الحمداللہ! پی ایس ایل خیر و عافیت سے اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے. ایک ٹیم جیت کر فتح اپنے نام کرچکی ہے. اب اگر طبع نازک پر گراں نہ گزرے تو اصل مسائل کی طرف بھی نظر کیجیے کہ زندہ قومیں مسائل کا زندہ شعور رکھتی ہیں، اور ہمیشہ پائیدار حل کی طرف بڑھتی ہیں جبکہ مردہ قومیں عارضی فائدوں یا لذتوں کی طرف لپکتی ہیں. ہمارے ہاں مسائل کا ایک کوہ گراں ہے جنھیں کھیل تماشوں کی آڑ میں چھپایا جاتا ہے.

1. ہمارا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور بڑھتی ہوئی محرومیاں ہیں. پچاس فیصد آبادی خط غربت سے نیچے، بنیادی سہولیات سے محروم اور غذائی قلت کا شکار ہے. دوسری طرف مڈل کلاس مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے اور زندگی کی ڈور کو تھامے رکھنے کے لیے مشین بننے پر مجبور ہے. اس کی بنیادی وجہ سرمایہ داری نظام، کرپٹ حکومتیں اور وژن لیس حکمرانی ہے لیکن یہ شعور کہیں دور دور تک بھی نہیں دیا جاتا.

2. ہمارا دوسرا بڑا مسئلہ کرپشن ہے جو اوپر سے لے کر نیچے تک پھیلی ہوئی ہے. کرپٹ حکمران، پارلیمنٹیرین، سرکاری ادارے، وزرا، اینٹی کرپشن ادارے، پانامہ، سوئس بینک اکاؤنٹس، سودی معیشت، سودی قرضے اس ملک کی معیشت کو دیمک کی طرح کھارہے ہیں لیکن حل صرف سڑکیں ہیں.
3. تیسرا بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کا خوف دلا کر ہمیں لبرل بنایا جا رہا ہے. لیکن اس کے خاتمے کے لیے کوششیں صرف چوہے بلوں تک محدود ہے. امریکی اور بھارتی کردار کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے بلکہ دہشت گردی کی آڑ میں امریکی اور بھارتی فرمائشیں بھی پوری کی جا رہی ہیں جس سے ملک کے اندر ایک مخصوص طبقے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے.
4. چوتھا بڑا مسئلہ ملک سے سرمائے اور ذہانت کا فرار ہے. انڈسٹری بند ہو رہی ہے اور لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں. لیکن حکومتی حل صرف چین سے سامان منگوانا ہے. کیا یہ مضحکہ خیز حل نہیں؟
5. پانچواں بڑا مسئلہ ناقص تعلیمی نظام کا ہے. سکول کالج اور یونیورسٹیاں انٹلیکچول سے زیادہ لبرل پیدا کررہی ہیں. لیکن کسی کو پرواہ نہیں بلکہ حکومت خود اسے بڑھاوا دے رہی ہے.
6. چھٹا بڑا مسئلہ ملک میں ایک منصوبے کے تحت پھیلائی جانے والی بے حیائی ہے. ناچ گانا ملکی کلچر کے اندر نامحسوس طریقے سے رچایا جارہا ہے. اب اگر کوئی اعتراض کرے تو وہ شدت پسند ہے.

اب آپ خود ہی بتائیے کہ کیا ان تمام مسائل کا حل محض سڑکیں بنا دینا اور ایک میچ کروا دینا ہے؟ ہرگز نہیں! بلکہ یہ منصوبے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے آگے لائے جاتے ہیں. سڑکیں، کرکٹ یا کوئی بھی کھیل ہو اس کی افادیت سے انکار نہیں . لیکن میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ زندہ قومیں مسائل کا زندہ شعور رکھتی ہیں اور ہمیشہ پائیدار حل کی طرف بڑھتی ہیں.

Comments

عاطف الیاس

عاطف الیاس

عاطف الیاس ایک نجی کالج میں پڑھاتے ہیں. لکھنے پڑھنے، پھرنے پھرانے اور ٹریکنگ کے شوقین ہیں. عالم، فاضل یا دانشور جیسے الفاظ انھیں زیب نہیں دیتے اس لیے محض اپنی طالب علمانہ رائے کا اظہار کرتے ہیں، لیکن بالیقین نظریاتی طور پر عالم اسلام اور تمام انسانیت کے مسائل کا حل اسلام کے عملی نفاز میں دیکھتے ہیں.

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */