بابا جی! سالگرہ مبارک قبول کیجیے - سائرہ ممتاز

تین گھنٹے گزرتے ہیں، ایک یاد سر اٹھائےگی. یاد بھی کیا؟ ایک درویش ہے کہ جس کا کاسہ خالی ہو کر بھی بھرا رہتا ہے، وہ درویش جس کی یاد میں قرۃ العین حیدر نے آگ کا دریا لکھ ڈالا. جب سے وہ بابا گزرا، ہر آنے والا اور جانے والا سینتالیس کی یادیں لکھتا چلا جاتا ہے، وہ کاٹھیاواڑ گجراتی میمن، مرنجاں مرنج، تپ دق سے مارا ہوا، جس کے حوصلے پہاڑوں کو شرماتے تھے، لکھنے دیجیے کہ وہ ایک میمن تھا، انڈین، گجراتی، اس کا آپ کے پنجاب، سندھ، بلوچستان، پختونخوا، بنگلہ دیش سے کچھ لینا دینا نہیں تھا لیکن وہ آپ کو یہ سب اکٹھا کر کے دے گیا. اس کا اس میں کچھ فائدہ تھا نہ ہی اسے ان سب کی ایکتائی سے کچھ نقصان ہونے والا تھا. خاندانی رئیس کو کیا پڑی کہ غریبوں کے حقوق کے لیے دھکے کھائے.

آپ میں سے اکثر اسے ایک جذباتی اور بچگانہ تحریر خیال کریں گے کہ پاکستان کی تحقیر کرنا فیشن ٹھہرا، اس ملک کی نظریاتی اساس کی دھجیاں اڑانی آپ کا سیاسی ویژن، آپ کی مجبوری، آپ کی روشن خیالی و حقیقت پسندی، مجھے تو اس بابے کی سمجھ نہیں آتی، اپنی قبر میں کیا اپنے ساتھ لے گیا؟ دولت کے انبار؟ لیکن اس کے خاندان والے تو عین اس کے مقبرے تلے چھپڑ ڈالے رہتے ہیں یا شاید اسے جاہ و جلال کی ہوس تھی یا پھر واہ واہ لوٹنے کو ٹی بی کا مارا بابا جگہ جگہ گھوم پھر کر جلسے جلوس نکال کر خطاب کرتا رہا لیکن اس بد نصیب کی قسمت کہ اب اٹھ کر دیکھے تو کیا دیکھ پائے؟

ابھی مجھے یاد آیا آج کرسمس ہے اور ایک بدنصیب بوڑھے کا جنم دن بھی.!
مجھے بابا جی اس ماں کی طرح لگتے ہیں جس نے نو ماہ ایک بچے کو پیٹ میں رکھا، اپنی سخت بیماری کے باوجود اس بچے کو اپنا خون جگر پلاتی رہی، سینچ سینچ کر اس کی پرورش کرتی رہی کہ ایک دن شاید اسے اپنے بیٹے کا منہ دیکھنا نصیب ہوگا تو ساری کلفت دور ہو جائے گی، پھر اس نے جنم دینے کی تکلیف سہی، موت کے منہ سے واپس آئی اور جب اس بچے کو ہاتھوں میں لے کر پیار کرنے کا وقت آیا تو آنکھیں موند قبر میں جا سوئی.
ہائے بد قسمتی!
میں اس شفیق ماں جیسے بابا جی کو جنم دن کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، اگر سینے کی جلتی آگ اور روح میں اٹھتا شور اجازت دے تو میری طرف سے سالگرہ مبارک قبول کیجیے گا.

Comments

سائرہ ممتاز

سائرہ ممتاز

سائرہ ممتاز کو تاریخ، ادب، ثقافت، زبان، تصوف، معاشرے، اور بدلتی ہوئی اقدار جیسے موضوعات میں دلچسپی ہے۔ صحافت اور اردو میں ماسٹرز کیا ہے۔ نسل نو کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنا ان کا شوق ہے

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.