بلاول کرپشن کی چُوری کھا کر جوان ہوا - خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ سنہری ہے اور بلاول کرپشن کی چُوری کھا کرجوان ہوا اس لیے وہ کرپشن کی بات کرنے سے پہلے آئینہ دیکھیں۔\r\n\r\nپارلیمنٹ میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے حسب روایت بدتمیزی کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن لیڈر تحریک پیش کرنا چاہتے تھے جس پر اسپیکر نے انہیں روک دیا اور حکومتی ارکان کو بات کرنے کی اجازت دی لیکن پی ٹی آئی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا جب کہ ان کا یہ رویہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں جو تقریر کی اور جو عدالت میں بیان دیا اس میں کوئی تضاد نہیں، وزیراعظم صادق اور امین شخص ہیں وہ جھوٹ نہیں بولتے جب کہ عمران خان ڈھٹائی اور بہادری سے جھوٹ بولتے ہیں، ان کے ارد گرد کرپٹ افراد کھڑے ہیں۔\r\n\r\nخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی بیان تو عمران خان دیتے ہیں، ہمارا سیاسی بیان سچ پر مبنی ہوتا ہے کیوں کہ ہماری سیاست سچ کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں، تحریک انصاف پارلیمنٹ کو گالیاں دیتی ہے جب کہ ہم نے تحریک انصاف کے استعفے قبول کرنے کے بجائے سینے سے لگائے، تحریک انصاف اب جمہوریت کو آلودہ نہ کرے، یہ لوگ منی لانڈرنگ کا ایک بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرپائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم کی مرہون منت ہے کیونکہ اگر ہم چاہتے تو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ 2 گھنٹے میں خیبرپختونخوا میں حکومت بناسکتے تھے، تحریک انصاف نے کے پی کے میں کوئی کام نہیں کیا اور عمران خان نے اپنے مینڈیٹ کا بیڑہ غرق کردیا۔\r\n\r\nوزیر ریلوے نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ پاناما پیپرز پر جوڈیشل کمیشن بننے جارہا ہے تو یہ اب سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھی خوش نہیں جب کہ ان کا تحریک استحقاق پیش کرنا سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، ان کا خیال تھا کہ عدالتیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ دیتی ہیں لیکن عدالتیں ثبوت پر فیصلے دیتی ہیں، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا انتظار کرنا ہوگا تاہم حکومت کو پاناما معاملے پر پارلیمنٹ میں بات کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی میں بڑی اپوزیشن کی ریس لگی ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے ججز پر الزامات لگائے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی کی تاریخ سنہری نہیں اور بلاول کرپشن کی چُوری کھا کرجوان ہوا وہ کرپشن کی بات کرتا ہے، بلاول کرپشن کی بات کرنے سے پہلے آئینہ دیکھیں۔\r\n\r\nاس سے قبل قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کام صرف جھگڑا کرنا ہے اور ان کا یہی رویہ رہا تو انہیں بھی کوئی بات نہیں کرنے دے گا، یہ پارلیمنٹ میں صرف ہنگامہ کرنے اور اپنی تنخواہیں لینے آئے ہیں جب کہ اپوزیشن کو جمہوریت کا الف ب بھی نہیں معلوم ہے، یہ جمہوریت کے دشمن ہیں جو جمہوریت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔\r\n