رحمان بھولا کی حوالگی کے لیے ایف آئی اے ٹیم بنکاک پہنچ گئی

بنکاک: ایف آئی اے کی 2 رکنی ٹیم بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کے مبینہ مرکزی ملزم رحمان بھولا کی انٹرپول حکام سے حوالگی کے لیے بنکاک پہنچ گئی۔\r\n\r\nایکسپریس نیوز کےمطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کے مبینہ مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کو بنکاک سے وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کے افسران پر مشتمل 2 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جو ملزم کو وطن واپس لانے کے لیے بنکاک پہنچ گئی ہے۔\r\n\r\nذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدرالدین بلوچ اور انسپکٹر رحمت اللہ ملزم کی انٹرپول سے حوالگی کے لیے بنکاک پہنچے ہیں جہاں وہ انٹرپول حکام کو ملزم کی حوالگی کے لیے ضروری دستاویزات پیش کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم کی انٹرپول حکام سے کل ملاقات متوقع ہے جب کہ ٹیم ملزم رحمان بھولا سے بھی ملاقات کرے گی۔\r\n\r\nواضح رہے کہ رحمان عرف بھولا پر بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کو مبینہ طور پر آگ لگانے کا الزام ہے جس میں 250 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ ملزم کو 4 دسمبر کو انٹرپول نے بنکاک سے گرفتار کیا۔\r\n