آرمی چیف نے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 4 دہشت گردوں کی سزا کی توثیق کردی۔\r\nپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، ان دہشت گردوں کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمات کی سماعت کی گئی، شواہد کی روشنی میں انہیں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ سزا پانے والے دہشت گرد شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور اے ایس ایف اہلکاروں کے قتل کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ فورسز کے قافلے پرحملے میں بھی ملوث تھے۔\r\nترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سزا پانے والے دہشت گردوں نے مجموعی طور پر 58 افراد کو قتل کیا جب کہ گل زرین ولد گل شریف پولیس کانسٹیبل سرتاج کے قتل میں ملوث تھا جب کہ دیگر دہشت گردوں میں عطاالرحمان ولد فقیرمحمد، محمد صابر ولد الطاف گل اور فاروق بھٹی ولد محمد اسحاق شامل ہیں۔\r\nآئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کراچی میں سی آئی ڈی بلڈنگ، آئی ایس آئی آفس سکھر پر حملے میں بھی ملوث تھے جب کہ ایس ایس پی چودھری محمد اسلم کوبھی اِن ہی دہشت گردوں نے قتل کیا، اِن دہشت گردوں نے ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت 226 افراد کوحملوں میں زخمی کیا۔