چور بھاگ رہا ہے - عمران زاہد

اکبر ایس بابر نامی ایک فرد ،جو تحریک انصاف کا بانی ممبر بھی ہے لیکن آج کل دربدر ہے، نے پچھلے سال 2015 میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک درخواست جمع کروائی، جس میں تحریکِ انصاف کے فنڈز میں گھپلوں کی نشاندہی کی اور کمیشن سے اس کا جائزہ لینے کی استدعا کی۔ اپنی درخواست کے ساتھ انہوں نے کچھ دستاویزی ثبوت بھی جمع کروائے۔ \n:\nپی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی دستاویزات کو غلط ثابت کرنے کے ل\0یے بھرپور دلائل پیش کیے۔ اخبارات میں وہ دلائل بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔ کافی سماعتوں کے بعد پچھلے سال آٹھ اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے ان دلائل کو رد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے فنڈز کی تفصیلی پڑتال کرنے کا حکم دے دیا۔ \n:\nتحریک انصاف الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر بہت چیں بچیں ہوئی۔ اس فیصلے کے خلاف تحریکِ انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کر دی۔ اس رٹ میں تحریک انصاف نے نہ صرف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو رکوانے کی استدعا کی بلکہ الیکشن کمیشن کے پارٹی فنڈز کی پڑتال کرنے کے اختیار کو ہی چیلنج کر دیا۔ \n:\nپی ٹی آئی کے وکلاء کے روایتی تاخیری حربوں کی وجہ سے اس کیس کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس کی اگلی سماعت انتیس نومبر کو طے کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یکم دسمبر تک اس کیس پہ مزید کاروائی کو ملتوی کر دیا ہے۔\n:\nاکبر ایس بابر نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عمران خان نے خود کو قوم کے سامنے احتساب کے لئے پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور دوسری طرف وہ الیکشن کمیشن کے حسابات کی پڑتال کرنے کے قانونی اختیار کے ہی مخالف ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے اس موقف کو کرپشن کے خلاف دہرے معیار سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے عمران خان صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے حسابات شفاف ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کے زیرِ اہتمام پارٹی حسابات کے فرانزک آڈٹ کو ہونے دیں۔\n:\nمجھے یہ ساری کہانی آج ٹی وی پر عمران خان کے ایک بیان کو سن کر یاد آ گئی، جس میں وہ ایک عزم اور یقین سے فرما رہے تھے کہ اگر میاں نواز شریف چور نہیں ہے تو اسے تلاشی دینے میں کیا حرج ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے فیصلہ سنانے کے انداز میں کہا کہ وہ چور ہے اسی لئے اپنے حسابات کی جانچ کروانے سے بھاگ رہا ہے۔\n:\nمیں یہاں پر عمران خان صاحب سے سو فیصد متفق ہوں کہ چور اپنے حسابات کی جانچ پڑتال سے بھاگ رہا ہے۔\n:\nپاکستان زندہ باد\nکرپشن مردہ باد