عمران خان صاحب، سماج پر رحم کیجیے - آصف محمود

آصف محمود پڑھیے اور سر پیٹ لیجیے۔\nنرگسیت کے گھونسلے سے سر نکال کر خان صاحب نے فرمایا:\n’’ ناراضی کس بات کی، مارچ کی دعوت دینے جا رہا ہوں، رشتہ لینے تو نہیں جا رہا‘‘۔\nگویااخلاقیات کے علمبرداروں نے اپنے کزن طاہر القادری کو بھی نہیں بخشا، حالانکہ کزنز کا ’دادا‘ ایک ہوتا ہے۔\n\nاختلاف ایک چیز ہے ،جسے گوارا کیا جانا چاہیے کہ یہ زندگی کا حسن ہے اور سماج میں شعوری بیداری کی علامت لیکن اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو پست ذہنیت کی علامت ہے۔ شیخ رشید جیسوں کی صحبت صالح نے اب معلوم نہیں عمران خان کو بدل دیا ہے یا صرف بے نقاب کیا ہے، تاہم وہ جو زبان استعمال کر ہے ہیں، وہ ان کے فکری افلاس اور اخلاقی بحران کا اعلان عام کر رہی ہے۔\n\nتحریک انصاف نے اور کچھ کیا یا نہیں بدتمیزی اور گالیوں کو ایک کلچر بنا دیا۔ ہماری صدیوں کی تہذیب و روایت ہے کہ مائیں، بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں۔ اختلاف بھلے دشمنی تک بھی پہنچ جائے، مائوں بیٹیوں کا احترام کیا جاتا ہے۔ عمران خان نے اس تصور کو بیچ بازار پامال کر دیا ہے۔ جب قائد محترم ہی تہذیب نفس سے محروم ہوں تو ٹائیگرز کا تو کیا ہی کہنا۔ بعض تو اسم بامسمی ہیں۔ دکھ ہوتا ہے کہ ان سے ہم نے کیا توقعات وابستہ کر لیں لیکن یہ کتنے چھوٹے اور کتنے بودے نکلے۔\n\nمریم نواز کے بارے میں تحریک انصاف کے عام کارکنان نے نہیں، مرکزی عہدیداروں نے جس زبان میں گفتگو فرمائی اور جس طرح کے ٹویٹ کیے، وہ بتا رہے ہیں کہ تحریک انصاف کا اخلاقی بحران کتنا شدید ہو چکا ہے۔ جواب آں غزل کے طور پر ٹیرن خان کے بارے میں بھی بہت کچھ کہا جا سکتا ہے لیکن یہ بھی ویسی ہی بد تہذیبی اور بد اخلاقی کہلائے گی جس کا مظاہرہ تحریک انصاف کر رہی ہے۔\n\nعمران کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کی عمر صالح کا غالب ترین حصہ ’چھڑے‘ کے طور پر گزرا ہے۔گھر، آنگن، چاردیواری میں پنپنے والے رشتوں کی لطافت سے وہ محروم ہی رہے۔ انہیں اس لطیف احساس کی بھی کوئی خبر نہیں کہ بیٹی کیا ہوتی ہے۔ ان کے گھر کا آنگن بیٹی کے قہقہوں اور اور اس کی شرارتوں سے محروم ہی رہا۔ انہیں خبر ہی نہیں باپ اور بیٹی کا رشتہ کیسا ہوتا ہے۔ وہ نہیں جانتے کہ رات گئے جب بیٹی ضد کرے ’’ بابا پیپسی کی بھوک لگی ہے‘‘ تو اس ضد کو پورا کرنے کے لیے گھر سے گاڑی نکالنا کتنا پیارا تجربہ ہوتا ہے۔بیٹی کی مسکراہٹ اور قلقاریوں میں کیسا امرت ہوتا ہے، انہیں معلوم نہیں۔ وہ اس بات سے بھی بے خبر ہیں کہ بیٹی کی آنکھ پر نم ہو جائے تو من کی دنیا کیسے اتھل پتھل ہو جاتی ہے۔ انہیں قدرت نے ایک باپ کی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع بھی نہیں دیا۔ عالی ظرف جمائما بھابھی ہی بچوں کا باپ بھی بن گئیں۔ مقبول ترین آدمی کی زندگی کا یہ پہلو آدمی کو اداس کر دیتا ہے۔ وہ اس حوالے سے قابل رحم ہیں۔\n\nلیکن وہ ایک رہنما بھی ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ لاکھوں دل ان کے لیے دھڑکتے ہیں۔ وہ اگر تہذیب نفس سے بےنیاز ہو کر عامیانہ طرز گفتگو اختیار کریں گے تو یہ سماج کی اخلاقی بنیادیں کھود ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ اس سما ج پر رحم کیجیے۔

Comments

آصف محمود

آصف محمود

آصف محمود اسلام آباد میں قانون کی پریکٹس کرتے ہیں، روزنامہ 92 نیوز میں کالم لکھتے ہیں، روز نیوز پر اینکر پرسن ہیں اور ٹاک شو کی میزبانی کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنی صاف گوئی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.