یہ تصویر نہیں، بھارت کی ناکامی کی تحریر ہے - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

عاصم اللہ بخش ایک تصویر ہزار الفاظ کی تحریر کی نسبت زیادہ بہتر ابلاغ کرتی ہے.\nاسی کی ایک مثال یہ تصویر ہے.\nاس ایک تصویر میں بھارت کا غصہ، جھنجھلاہٹ اور پریشانی عیاں ہے. اضطراب اس قدر زیادہ ہے کہ تہذیب، سفارتی آداب اور عمومی اخلاقیات بھی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور اس کے ”میچور“ میڈیا کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے.\n\nاس تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ بھارت کشمیر کے حوالہ سے اس سے بھی زیادہ پریشر میں ہے جتنا کہ پاکستان کا خیال ہے. اس میں اس کی بے بسی بھی نظر آ رہی ہے کہ ابھی وہ پاکستان پر کشمیر کے حالات کے حوالہ سے کوئی ایسا الزام نہیں لگا سکا جو اسے کشمیر میں ڈھائے جا رہے انسانیت سوز مظالم کا جواز فراہم کر سکے یا اسے یہ رعایت دلا سکے کہ یہ دراصل کشمیریوں کی اپنی تحریک نہیں بلکہ پاکستان کی سازش ہے. نہ ہی وہ پاکستان کو اپنے تئیں کوئی تادیبی چرکا لگا سکا ہے.\n\nاس تصویر میں ایک پیغام بھی ہے. بھارت ایک زخمی سانپ کی طرح لوٹ رہا ہے اور پاکستان کو ہر اس جگہ ڈسنے کی کوشش کرے گا جہاں اس کا بس چلا.\n\nچیف آف آرمی سٹاف کی تصویر لگا کر اس نے اپنی حکمت عملی کی وضاحت بھی کر دی ہے. وہ پاکستانی فوج کو اصل ولن بنا کر دکھانا چاہتا ہے تاکہ پاکستان میں اپنے تخریبی اور قتل و غارت کے پروگرام کو جواز دے سکے، یہ بتا سکے کہ پاکستان فوج اپنے ملک میں بھی لوگوں کو مار رہی ہے اور ہمسایہ ممالک میں بھی گڑبڑ کرتی ہے اور اسی کو ٹارگٹ کیا جانا چاہیے. سب سے بڑھ کر یہ کہ صرف فوجی چہرہ کو بطور دشمن دکھا کر سول ملٹری خلیج کے تاثر کو ابھارنے کی قبیح حرکت کی گئی ہے تاکہ دنیا کو باور کروایا جا سکے کہ سول حکومت کی تو سنی ہی نہیں جاتی ورنہ ہم سے ضرور معاملہ کر لیتے، ہم تو امن کوش لوگ ہیں لیکن پاکستانی فوج ہمیں زچ کیے ہوئے ہے.\n\nدشمن نے اپنے عزائم ہر سطح پر واضح کر دیے ہیں. پاکستان میں اندرونی امن و امان اور سیاسی استحکام پاکستان کی بیرونی سکیورٹی کے لیے اب لازم و ملزوم ہے. البتہ دشمن کے لیے ہمارا پیغام یہ ہے کہ ہتھیار سے زیادہ اس ہتھیار کو چلانے والا اہم ہوتا ہے. کوئی کمپیوٹر پروگرام ڈاؤن لوڈ کر لینا ایک بات ہے، اسے صحیح طریقے سے آپریٹ کرنا بالکل دوسری بات. پورے بھارت میں ایک بھی بندہ اس قابل نہیں کہ فوٹوشاپ ہی ٹھیک سے استعمال کر سکے.\n\nبچے، یہ تھپڑ نہیں ”شاباش“ والا پرنٹ مارک ہے.!

Comments

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش کی دلچسپی کا میدان حالاتِ حاضرہ اور بین الاقوامی تعلقات ہیں. اس کے علاوہ سماجی اور مذہبی مسائل پر بھی اپنا ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں اور اپنی تحریروں میں اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں.

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com