مائنس نواز شریف، امکان حقیقت بننے کو ہے. ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

عاصم اللہ بخش خدشہ ہے کہ ہم مائنس نوازشریف کے حقیقی امکان کے بہت قریب کھڑے ہیں.\n\nاب یا تو اس وزیر کا نام اوپن کرنا پڑے گا جس نے خبر انگریزی اخبار کو خبر ”جاری“ فرمائی. یہی نہیں پھر اس وزیر کی برطرفی اور شاید مقدمہ. یاد رہے، یہ کوئی جونیئر وزیر یا شخصیت نہیں ہو سکتے. اگر وزیراعظم ایسا نہ کرنا چاہیں تو پھر انھیں حکومت اپنے بھائی یا کسی دیگر کے حوالے کرنا پڑے گی اور سمجھوتہ ہو جائے گا.\n\nنواز شریف صاحب کے پاس ایک یہ آپشن ہے کہ نیا چیف اناؤنس کر دیں، یا…. جنرل راحیل شریف کی توسیع کا اعلان کردین. لیکن دونوں صورتوں میں بات مؤخر ہوگی، ٹلے گی نہیں، کیونکہ یہ کسی ایک فرد کا نہیں، ادارے کا معاملہ ہے. اس واقعہ سے پیدا شدہ بداعتمادی کا مہیب سایہ بہت دیر تک موجود رہےگا اور اس کے تلے کوئی مفید شے نمو نہیں پا سکتی. فوج اور سول قیادت میں باقاعدہ اور ریگولر مشاورت کا جو مثبت سلسلہ شروع ہوا تھا، وہ اب قصہ پارینہ بنتا دکھائی دے رہا ہے.\n\nنواز شریف ہرگز غیر محب وطن یا غدار نہیں، انہوں نے آج تک نیشنل سکیورٹی پر کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا. لیکن ان کا مسئلہ ہے کہ فوج سے شدید کد رکھتے ہیں اور اس معاملہ میں اپنے بہترین دوست عمران خان کی پالیسی پر کاربند ہیں. اپنی کارکردگی پر توجہ کے بجائے دوسرے (فوج) کی پھٹی کھینچنے کے چکر میں رہتے ہیں.\n\nاصل نقصان اس قوم کا ہے. اندرون ملک انتشار بڑھےگا. فوج کو رگڑنے والے اور زیادہ منہ پھٹ ہو جائیں گے. ملک کا سب سے زیادہ تجربہ کار سیاستدان کا مستقبل خطرے سے دوچار ہے. فوج اور حکومت میں اعتماد کا شدید فقدان پیدا ہو چکا ہے جس سے نیشنل سکیورٹی پر فیصلہ سازی تعطل کا شکار ہو سکتی ہے اور …. سی پیک کا مستقبل بھی غیر یقینی ہو سکتا ہے.\n\nاس تمام قضیہ میں عمران خان ایک بار پھر پس منظر میں چلے گئے ہیں. اب ان کا دھرنا کچھ معنی نہیں رکھتا. اب ان کی تمام تر امید اس پر ہے کہ معاملہ زیادہ ہی ”بگڑ“ جائے اور ان کی ضرورت پڑ جائے.\n\nچوہدری نثار اس سارے سلسلہ کی اہم کڑی ہیں. دیکھنا ہے وہ کن شرائط پر پیچ اپ کروا سکتے ہیں.

Comments

FB Login Required

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش کی دلچسپی کا میدان حالاتِ حاضرہ اور بین الاقوامی تعلقات ہیں. اس کے علاوہ سماجی اور مذہبی مسائل پر بھی اپنا ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں اور اپنی تحریروں میں اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں.

Protected by WP Anti Spam