مسئلہ قادیانیت اور تشکیک کا ہتھیار – رضوان اسد خان

رضوان اسد خان یہ تکفیر قادیانیت کا 40 سال پرانا ”مکمل حل شدہ“ مسئلہ پھر سے بار بار کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟\nخارجیت کو ضرورت سے زیادہ بڑھا چڑھا کر کیوں پیش کیا جا رہا ہے؟\n”میں اپنے آپ کو مسلم کہتا ہوں تو اپنی پہچان متعین کرنے کا حق میرے سوا کسی اور کو کس طرح دیا جا سکتا ہے؟“ جیسے لبرل سیکولر فکر میں لپٹے سوال کیوں اٹھائے جا رہے ہیں؟\nمرتد کی شرعی سزا کے مسئلے کو کیوں اچھالا جاتا ہے؟\nریاست کے مذہبی فیصلے کی توثیق کے عمل پر مرچیں کیوں لگتی ہیں؟\nختم نبوت اور توہین رسالت کے قوانین کیوں کھٹکتے ہیں؟\n\nیاد رکھیں”تشکیک“ شیطان کا سب سے بڑا ہتھیار ہے. اور وہ آدم علیہ السلام کے لیے درخت کے حکم کو مشکوک بنانے سے لے کر آج کفر و اسلام، حق و باطل، نور و ظلمت، ہدایت و ضلالت کے درمیان حد فاصل اور ”خونیں لکیر“ کو مٹانے اور آپس میں خلط ملط کرنے کے مشن پر پوری تندہی سے کارفرما ہے.\n\nیہ دور فتنوں کا دور کیوں ہے؟ جھوٹ، دھوکے، دجل اور فریب کی وجہ سے. لوگ چیخ اٹھے ہیں کہ ہمیں بتاؤ حق کیا ہے، ہم اسے کیسے تلاش کریں؟ ”گرے ایریاز“ کو سوچے سمجھے طریقے سے بڑھایا جا رہا ہے.\n\nدین متین کا کون سا شعار ہے جس پر تشکیک کا حملہ نہیں کیا گیا؟ کہاں کہاں خدائی حکمت کو چیلنج نہیں کیا گیا؟ اور کیا اب خدا کو ہی چیلنج نہیں کر دیا گیا؟ کیا قیامت تک کے فتن میں سے عظیم ترین فتنہ دجال، تشکیک کی معراج نہ ہوگا جو آپ کو اپنے خدا کے بارے میں ہی شک میں ڈال دے.\n\nمومنو! یہ تمہاری سب سے قیمتی متاع، تمہارے ایمان کے درپے ہیں. تم دہریے بن جاؤ، عیسائی، یہودی، ہندو، بدھ، سکھ، کچھ بھی بن جاؤ، انہیں اعتراض نہیں. اعتراض ہے تو صرف تمہارے ایمان پر ہے.\nاور ذرا غور تو کرو، وار کے طریقے پر جو ہمارے بابا آدم علیہ السلام کے دور سے اب تک یک سر مو بھی نہیں بدلا:\nابلیس نے کہا تھا یہ پھل کھا لو، جنت سے نکلنا تو درکنار، یہ تو تمہیں ابدی زندگی عطا کر دے گا.\nیہ بھی کہتے ہیں کہ یہ لبرل ازم، سیکولرازم، پرویزیت، قادیانیت وغیرہ کے پھلوں میں سے کوئی بھی کھا لو، جنت میں داخلے کا استحقاق کوئی تم سے نہیں چھین سکتا.

Comments

FB Login Required

رضوان اسد خان

ڈاکٹر رضوان اسد خان پیشے کے لحاظ سے چائلڈ سپیشلسٹ ہیں لیکن مذہب، سیاست، معیشت، معاشرت، سائنس و ٹیکنالوجی، ادب، مزاح میں دلچسپی رکھتے ہیں، اور ان موضوعات کے حوالے سے سوالات اٹھاتے رہتے ہیں

Protected by WP Anti Spam